گوجرانوالہ : ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام جشن گجرات کے موقع پر نیزہ بازی کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے ہیں، رائل کلب نے پہلی، زمیندارہ کلب نے دوسری اور صابری لجپال نیزہ بازی کلب نے تیسری پوزیشن حاصل کی، مہمانان خصوصی کمشنر گوجرانوالہ کیپٹن (ر) محمد آصف، آر پی او محمد طاہر ، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری جعفر اقبال نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے نیزہ بازی کلبوں اور گھڑ سواروں میں انعامات تقسیم کئے، ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ، ڈی پی او رائے ضمیر الحق، وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات ڈاکٹر ضیا القیوم، ایم پی اے میجر(ر) معین نواز، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، ایڈیشنل ایس پی کامران ممتاز، مسلم لیگ ن کے راہنما نوابزادہ طاہرالملک، رضا علی وڑائچ ، چوہدری تنویر گوندل ، حاجی ریاض ابراہیم، شیخ شاہد انور اور بڑی تعداد میں شائقین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تین دن تک جاری رہنے والے نیزہ بازی مقابلوں میں پنجاب، خیبر پختونخواہ اور آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والے مختلف نیزہ بازی کلبوں کے 540گھڑ سواروں نے حصہ لیا، حتمی نتائج کے مطابق چوہدری ذوالفقار علی باگڑی کے رائل کلب نے نیزہ بازی مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور 50ہزار روپے نقد انعام اور ٹرافی کے حقدار ٹھہرے، میاں جاوید اختر کے زمیندارہ کلب نے دوسری پوزیشن حاصل کی اور ٹرافی اور 30 ہزار روپے جبکہ صابری لجپال کلب نے نیزہ بازی گروپ مقابلوں میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سنگل مقابلوں میں وقار عرف وکی اول، غیاث احمد دوم اور عبیداللہ اعوان سوم قرار پائے جنہیں نقدا نعامات اور ٹرافیوں سے نوازا گیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے مہمانان خصوصی کمشنر گوجرانوالہ کیپٹن (ر) محمد آصف، آر پی او محمد طاہرنے نیزہ بازی مقابلوں کے انعقاد اور بہترین انتظامات پر ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ اور انکی ٹیم کو زبردست سراہا۔
انہوںنے کہا کہ جشن گجرات کے سلسلہ میں نیزہ بازی مقابلوں کے انعقاد سے روایتی کھیلوں اور ثقافت کو فروغ ملے گا۔ انہوںنے کہا کہ روایتی کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد اس امر کا غماز ہے کہ پاکستانی قوم اپنی ثقافت اور کلچر کے ساتھ وابستہ ہے جسے نئی نسلوں کو منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ جشن گجرات نیزہ بازی مقابلے اس امر کے عکاس ہیں کہ پاکستانی نہایت پرامن قوم ہیں اور دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلوں کا مستقبل میں بھی انعقاد کیا جانا چاہیے تاکہ کھیلوں سے وابستہ افراد اور نئی نسل کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے بھرپور مواقع فراہم کئے جا سکیں۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری جعفر اقبال نے کہا کہ جشن بہاراں کے پروگرامز کا انعقاد کھیلوں کے فروغ کے لئے حکومت کے وژن کا عکاس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جلالپور جٹاں سپورٹس گرائونڈ حکومت کی طرف سے علاقہ کے عوام کے لئے تحفہ ہے ۔ انہوںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی جلالپور جٹاں سمیت ضلع بھر میں کھیلوںکے مقابلوں کا انعقاد جاری رہے گا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے جشن گجرات نیزہ بازی مقابلوں کے انعقاد میں بھرپور معاونت پر منتخب عوامی نمائندوں، معززین، پولیس ، سول ڈیفنس اور بہترین کوریج پر میڈیا کے نمائندوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔