لندن (جیوڈیسک) امریکی صدر باراک اوباما نے برطانیہ کا دورہ شروع کردیا جس سے قبل انہوں نے برطانوی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ یورپی یونین کا حصہ رہے یہی سب کے مفاد میں ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر بارک اوباما دورہ سعودی عرب کے بعد برطانیہ پہنچ گئے جہاں اپنی یادداشت میں انہوں نے لکھا کہ برطانیہ کو یورپی یونین کا حصہ رہنا چاہیئے یہی برطانیہ اور امریکا کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے لکھا کہ برطانیہ کی یورپی یونین میں موجودگی اس کا عالمی اثر و رسوخ بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا اور برطانیہ کا یورپی یونین کا ممبر رہنا امریکی مفادات کا مسئلہ ہے جب کہ میں سمجھ سکتا ہوں کہ میرے اچانک دورہ برطانیہ کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں اور سازشیں کی جارہی ہیں۔
امریکی صدر نے یادداشت میں مزید لکھا کہ یورپی یونین کا حصہ رہنے یا نہ رہنے کا فیصلہ برطانیہ کی عوام کو ہی کرنا ہے لیکن میں قریبی دوست کی حیثیت سے کہوں گا کہ برطانیہ کے فیصلے کے اثرات امریکا کے مفادات پر پڑیں گے اور برطانیہ جس راستے کا انتخاب کرے گا اس کی اثرات امریکا کی موجودہ نسل پر بھی پڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین برطانوی اقدار، طرز عمل، طرز جمہوریت ، قانون کی پاسداری اور معاشی طرزعمل کو خطے میں بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ صدر باراک اوباما ایک ایسے موقع پر برطانیہ کا دورہ کررہے ہیں کہ جب برطانوی عوام یورپی یونین کا حصہ رہنے یا نہ رہنے کی تیاری میں مصروف ہیں اور ان کی جانب سے برطانیہ کو یورپی یونین کا حصہ رہنے پر زور دیئے جانے کے بعد اسے دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ کا یورپی یونین کا حصہ رہنے یا نہ رہنے کے حوالے سے 23 جون کو ریفرنڈم کا انعقاد کیا جائے گا جس میں عوام اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔