تہران (جیوڈیسک) ایران کی جانب سے خفیہ طور پر جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے بین البراعظمی بلیسٹک کا تجربہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق ایران نے گذشتہ ہفتے خفیہ طور پر جوہری وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت کے حامل بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ’’سیمرگ‘‘ کا تجربہ کیا تاہم اس کی تفصیلات میڈیا کو جاری نہیں کی گئیں۔ روس کے ذرائع کے مطابق ایران نے بلیسٹک میزائل کا تجربہ صحرائے کوپر میں کیا جس کا انکشاف روس کے 2 ریڈار اسٹیشنوں ’ہیذر‘ اور ’افرمافیر‘ کے ذریعے ہوا۔
روس کے اخبار کومیرسانٹ کے مطابق دفاعی ماہرین میزائل تجربے کی خصوصیات جاننے کے لئے تحقیقات کررہے ہیں۔ دوسری جانب ایرانی حکام نے میزائل تجربے کے حوالے سے کسی قسم کا بیان جاری نہیں کیا ہے۔
ایران کے میزائل تجربے کے حوالے سے امریکی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ایران کے نئے میزائل تجربے کے حوالے سے مصدقہ اطلاعات نہیں ہیں تاہم امریکا ایران کے میزائل تجربات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا نے رواں برس مارچ میں ایران کے بلیسٹک میزائل تجربے کے بعد تہران پر معاشی پابندیاں عائد کردی تھیں جب کہ ایران کا کہنا تھا کہ میزائل تجربے سے آئی اے ای اے کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہوتی۔