کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں گرمی غضب ڈھا رہی ہے، آج بھی سورج کے تیور بگڑے رہنے کا امکان ہے، درجہ حرارت چالیس سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر کے بعد سمندری ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت کم ہو جائے گی۔
کراچی والے گرمی سے پناہ مانگنے لگے، جھلسا دینے والی دھوپ نے ہر کسی کو پریشان کر دیا۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج بھی سورج کے تیور درست نہیں۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اڑتیس سے چالیس سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
دوپہر دو بجے تک موسم گرم اور خشک رہے گا ، اس کے بعد سمندری ہوائیں چلے گی جس کے بعد گرمی کی شدت میں کمی ہونے لگے گی ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوا کا رخ تبدیل کرنے سے گرمی کی شدت اور بڑھ گئی ہے۔
ہیٹ اسٹروک کے پہلے روز دو افراد کی جان چلی گئی ۔ 45 سالہ شرافت جوکھیو منگھو پیر اور پچاس سالہ ممتاز اورنگی ٹاؤن کا رہائشی تھا۔
جبکہ ہسپتالوں میں گرمی کے ستائے لوگوں کا رش رہا لیکن خصوصی انتظامات کے باعث مریضوں کو بروقت طبی امداد دی جاتی رہی۔
دوسری طرف کے الیکٹرک کم سے کم لوڈشیڈنگ کرنے کا وعدہ پورا نہ کر سکی، بجلی کی بندش سے شہری بے حال ہوتے رہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر سے گرمی کی شدت میں بتدریج کمی ہو گی اور بدھ سے کراچی کا موسم معمول پر آنے کا امکان ہے۔