لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ کو مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے موقع پر کہا کہ پنجاب میں عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات 24 سے 30 اپریل کے درمیان منایا جائے گا اور اس موقع کو 9 مہلک بیماریوں کے خلاف حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کروانے کا پیغام پہنچانے کے استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا’’ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ان کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے اور والدین کی طرف سے بچے کے لئے سب سے بہترین تحفہ اس کے حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کروانا ہے اور میں حفاظتی ٹیکوں کے عالمی ہفتے کے موقع پر والدین سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے بچوں کا حفاظتی ٹیکوں کا کورس ضرور مکمل کروائیں۔
انہوں نے کہا کہ عملے کی پیشہ وارانہ کارکردگی اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے پنجاب میں گزشتہ ایک سال میں روٹین ایمونائزیشن کی کوریج نیلسن سروے کے مطابق 84فی صد تک پہنچ گئی ہے اور اگلا ٹارگٹ اس کو 90 فیصد تک لے کے جانا ہے۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر علی جان خان نے کہا کہ ترقی یافتہ اضلاح حکومت کی پہلی ترجیح ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر مختیار حسین سید نے کہا کہ پنجاب میں اس سال ابھی تک پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کروایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی شکایت کی صورت میں 0800 99000 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔