کراچی (جیوڈیسک) باغ جناح میں پاک سرزمین پارٹی کے پہلے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سید مصطفی کمال نے کہا کہ ہم نے کم ترین مدت میں ایک نئی سیاسی جماعت کو منظم کر کے ایک نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بھی ایک ورلڈ ریکارڈ ہے کہ چند روزہ جماعت کے پہلے جلسے میں کروڑوں کا مجمع موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا آج کے دن کو تاریخ سنہری دن کے طور پر یاد رکھے گی۔ لوگ جوق در جوق ہماری جماعت میں داخل ہو رہے ہیں۔
ہم آئندہ چند روز میں اپنی جماعت کا جامع منشور پیش کریں گے لیکن ہمارے منشور کے چیدہ چیدہ نکات یہ ہیں کہ ہمیں ایسی جمہوریت نہیں چاہئے جو صرف اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ کے ایوانوں میں ہو، ہمیں وہ جمہوریت چاہئے جو عوام کو بااختیار بنائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسی جمہوریت چاہئے جو عوام کو تمام اختیارات دے۔ اگر عوام کو پینے کا صاف پانی نہ ملے، اگر عوام کے اختیار میں صحت، تعلیم اور سیوریج تک کا نظام نہ ہو تو ہمیں ایسی جمہوریت نہیں چاہئے۔