لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی نے ملک میں جاری کرپشن کے خلاف یکم مئی سے ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور کے مال روڈ پر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ گزشتہ 68 سالوں سے جمہوریت اور احتساب کے نام پر دھوکا دیا جا رہا ہے۔ وہی چور اور لیٹرے پارٹی کا جھنڈا تبدیل کرکے دوسری پارٹیوں میں چلے جاتے ہیں۔
انگریزوں کے وفاداروں نے ملک، سیاست، کارخانوں اور جمہوریت پر قبضہ کیا ہے۔ اسی منافق ٹولے کی وجہ سے مشرقی بنگلا دیش بن گیا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ اس نظام اور جمہوریت میں غریب کے لیے کچھ نہیں، یہ سرمایہ داروں کا کھیل ہے۔ ملک کا عدالتی اور انتخابی نظام بھی خراب ہے۔
اگر پاکستان میں آج سلطانہ ڈاکو بھی ہوتا تو وہ آج قومی اسمبلی کے ممبر اور سینیٹر ہوتا۔ جس سپریم کورٹ کا دروازہ سونے کی چابی سے کھلتا ہے، میں اس نظام کی اصلاح چاہتا ہوں۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے زندگی کا آخری لمحہ قربان کرنے کے لیے تیار ہوں۔
مالیاتی کرپشن کی طرح انتخابی کرپشن کیخلاف عوامی رائے کو منظم کریں گے۔ پاناما لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے من پسند کمیشن کی بات کی جو قطعی منظور نہیں ہے۔ اپوزیشن لیڈر کو کہا تھا کہ مل کر ٹی او آر دیں گے لیکن حکومت نے من پسند ٹی او آر دیے ہیں۔