لاہور (جیوڈیسک) کپتان کے خطاب پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے اس احتجاج کا مطلب چور مچائے شور کے سواء کچھ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ذاتی خواہشات کو قوم کی خواہشات پر ترجیح دے کر عظیم مقاصد کا خون کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم نے خط لکھ کر جو ٹرمز آف ریفرنس پیش کئے ہیں، یہ بہت بڑا فیصلہ ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں کہ وزیر اعظم کے دلیرانہ فیصلے نے عمران خان کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔ وزیر اعظم کی سچائی کے سامنے عمران خان کے جھوٹ ہمیشہ بے نقاب ہوئے، کمیشن کا مطالبہ کرنے والے عمران خان کو اب لینے کے دینے پڑ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے، خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کی تقریر مایوس کن اور جھوٹ کا مجموعہ تھی، چندے اور خیرات کی بیرون ملک سرمایہ کاری کا حساب دینا ہو گا۔
پی ٹی آئی کے یوم تاسیس پر کوئی تعمیری پروگرام نہیں دیا گیا۔ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا واحد ہدف ہر حربہ استعمال کر کے حکومت ہٹانا اور حصول اقتدار ہے۔