لاہور : سینٹر فار لیگل ایڈ اسسٹنس اینڈ سیٹلمنٹ (کلاس) کے زیر اہتمام ایک روزہ کمیونٹی آگاہی سیشن کا انعقاد 9اکتوبر2015کو سینٹ میریز سیمنری میسن روڈ لاہورمیں ہوا، اس وقت کلاس عورت فائونڈیشن کے صنفی مساوات پروگرام کے تحت امریکی عوام اور ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے تعاون سے ضلع لاہور میں صنفی بنیاد پر تشدد سے متا ثرہ خواتین کو مفت قانونی مدد اور اقلیتی خواتین / بچوں کے لئے پناہ گاہ اور آزادانہ مرضی سے شادی کرنے والے جوڑوں کو سہارا دینے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔
کمیونٹی آگاہی سیشن میں 75 سے زائد مرد، خواتین اور نوجوان لڑکے لڑکیوں نے شرکت کی جبکہ مقررین میں محترمہ بشری خالق (ڈائریکٹر WISE)اور پروجیکٹ کوارڈینیٹر نورین اختر(CLAAS) شامل تھیں۔ مقررین نے عورتوں کی زندگی، صحت، تعلیم اور خودمختاری کے حقوق اور صنفی بنیاد پر عورتوں پر تشدد کی مختلف اقسام پربات چیت کی۔ مزید براں حکومت کی طرف سے عورتوں کے حقوق و تخفظ کے لئے بنائے گئے قوانین کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی اور اس بات پر زور دیا کہ ان قوانین کو نافذ کرنے کی اشدضرورت ہے تا کہ صنفی مساوات پرمبنی ایک صحت مندمعاشرہ قائم ہو سکے۔
ریورنڈ فادرعنایت برنارڈ نے کلاس ادارہ کی اس کاوش کو سراتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگراموںکے انعقاد سے ہی ایک صنفی مساوات پر مبنی معاشرہ قائم ہو سکتا ہے۔تقریب کے اختتام پرادارہ کلاس کے نیشنل ڈائریکٹر جناب جوزف فرانسس نے کہاکہ عورتوں کے حقوق سے متعلقہ قوانین کو مکمل طور پر نافذ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صنفی برابری پر مشتمل ایک خوشحال معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے ۔انہوں نے تمام شرکائ،انتظامیہ اورسیمنری کے ڈائریکٹریورنڈ فادر برنارڈ کا شکریہ ادا کیا۔