کراچی : عالمی شہرت یافتہ دینی درسگاہ جامعہ بنوریہ عالمیہ میں تکمیل بخاری کی تقریب بعنوان استحکام مدارس وپاکستان منعقد کی گئی تقریب میں ملکی و غیر ملکی جید علماء کرام اساتذہ کرام اور ہزاروں کی تعداد میں عوام الناس نے شرکت کی جس میں 700سے زائد ملکی وغیر ملکی طلبہ کوانعامات اور اعزازات دیئے گئے ، بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس شیخ الحدیث مولانا عبدالحمید خان غوری نے دیا ، جبکہ رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم ،استاذالحدیث مولانا عزیز الرحمن ہزاروی ،مولانا محمدحسین صدیقی ،مفتی محمدطاہر عباسی ،مولانا محمدجہان یعقوب نے خطاب کیا۔
اس موقع پرنائب مہتمم جامعہ بنوریہ عالمیہ مولانانعمان نعیم ، مولاناغلام رسول ،مولانا اورنگزیب ، مولانا تاج محمد ، مولانا محمد یحیی عباسی ، مولانا فرحان نعیم ، مولانا عزیز الرحمن عظیمی ، ایڈمرل (ر) ریاض احمد سمیت دیگر مختلف شعبہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات ، ہزاروں کی تعداد میں عوام الناس اور فارغ تحصیل ہونے والے طلبہ کے والدین بھی موجودتھے ۔اس موقع پر رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ مدارس کو ختم کرنے کا دشمنان اسلام کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا،تاریخ شاہد ہے جس حکمران نے بھی مدارس کیخلاف سازشیں کی ہیں۔
اللہ نے ان کو دنیا میں ہی نشان عبرت بنایاہے ، آج صرف جامعہ بنوریہ عالمیہ میں ہزاروں کی تعداد میںطلبہ زیر تعلیم ہیں اور سینکڑوں فارغ ہورہے ہیں ، مدارس اللہ رسول کے دین کے رکھوالے ہیں اور اللہ کی مدد مدارس کے ساتھ ہے ، انہوںنے کہاکہ آج دینی مدارس ہزاروں کی تعداد میں قوم کو مستقبل کے معمار دے رہے ہیں ،جنرل مشرف نے صرف دینی مدارس کے غیر ملکی طلبہ پر پاکستان میں تعلیم پر پابندی لگائی جو جمہوری حکومتوں میں بھی تاحال برقرار ہے ، انہوںنے کہاکہ آج پاکستانی دینی مدارس کے خلاف مغربی ممالک کے میڈیا اور دیگر مختلف پلیٹ فارمزپر ہونے والے منفی پروپیگنڈہ ہوتاہے، مفتی محمدنعیم نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہاکہ دور جدید کے چیلنجز سے گھبرانے کے بجائے اس کے مقابلے کی تیاری کریں۔
اللہ تعالی نے آپ پر فضل کرتے ہوئے قران وحدیث کا نور دیاہے اسی نور پر حقیقی معنوں میںعمل کریں گے تو دنیا کی مشکلات آسان ہوں گی کیونکہ قرآن وحدیث میں روز قیامت تک آنے والے انسانوں کیلئے زندگی ہے ہر معاملے وشعبے میں انسانیت کی رہنمائی ہے ۔ بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیتے ہوئے شیخ الحدیث مولانا عبدالحمید خان غور ی نے طلبہ سے مخاطب کرکے کہاکہ آپ آج فراغت نہیں پارہے ہیں بلکہ آج سے آپ کی اصل تعلیم اور پڑھائی شروع ہوئی ہے ، علوم اسلامی اور سنت نبوی کو عام کرنے کی بھاری ذمہ داری آج آپ کو سونپی جارہی ہے ، استاد کا ادب اور احترام ضروری ہے ورنہ علم سے فائدہ نہیں ہوگا، امام بخاری کو اللہ نے جو مقام دیا وہ خلوص و للہیت کی وجہ سے دیا۔
بخاری شریف امت مسلمہ پر امام بخاری کا عظیم احسان ہے ، امام بخاری حدیث کو لکھنے سے قبل صلاة استخارہ پڑھتے تھے حافظہ اتنا کمال کا تھاکہ بہت سے اپنے پاس لکھی ہوئی احادیث کی تصحیح کیلئے امام بخاری کے پاس آتے تھے ،،مولانا عزیز الرحمن ہزاروی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان علماء پاکستان کے مستبقل کی ضمانت ہیں اور ملک وقوم کی نظریاتی واساسی سرحدوں کے محافظ ہیں ، عالمی امن کے دشمنوں کا ٹارگٹ مدارس دینیہ ہیں ،جس علم سے اللہ کا تعارف حاصل نہ ہو وہ جہالت ہے،پہلی وحی میں اللہ کا تعارف ہے،عالم وہ ہے جس کے دل میں اللہ کی خشیت ہو۔
معاملات میں دیانت سے کام لیتاہو ، استادوں کی خدمت میں اخلاص سے کام لے تو مستقبل کیلئے نفع بخش ثابت ہوگئی، مدارس کو تنگ کرنے والوں کیلئے فرمان رسول صلی اللہ علیہ وسلم قرآن پڑھنے اور پڑھانے والے اللہ کے خواص ہیں،سکندر مرزا نے مدارس اہل مدارس کو مٹانے کی کوشش کی مگر خود مٹ گیا، مخالفین مدارس عبرت پکڑیں ورنہ اللہ کے عذاب اور پکڑ کیلئے تیار ہوجائیں، مولانا محمدحسین صدیقی نے کہاکہ عظیم محدث عبداللہ ابن مبارک کو جو مقام ملا وہ تقوی کی بدولت ملا،انہوں نے طلبہ کونصیحت کی کہ تہجد کا خاص اہتمام کریں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس پر فتن دور میں اپنے ایمان کی حفاظت کے لیے اللہ والوں سے تعلق جوڑیں۔مفتی محمد طاہر عباسی نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے اس ملک کوبنایا اور اس کی حفاظت بھی اہل مدارس ہی کریں گے۔مولانا محمد جہان یعقوب نے کہاکہ افسوس کا مقام ہے کہ تعلیم کے نام پر بھاری بجٹ مختص کیے جانے کے باوجود عصری ادارے قوم کے نونہالوں کومادر پدر آزاد تہذیب سکھارہے ہیں۔
مدارس قوم کے محسن ہیں جوقوم کے نونہالوں کوایک کارآمد شہری ،پکامسلمان اور ملک وملت کا وفاداربنارہے ہیں۔ تقریب کااختتام مولانا عبدالحمید کی استحکام پاکستان ومدارس کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔