کراچی : بلدیہ کورنگی کا ضلع کورنگی کی تمام شاہراہوں، فیملی پارکوں اور کھیل کے میدانوں کو روشن کرنے کے لئے اقدامات تیز۔ شاہ فیصل زون میں عظیم پورہ ڈبل روڈ پر نئی اسٹریٹ لائٹس اور پول کی تنصیب کے بعد شاہراہ کو روشن کر دیا گیا۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار سومرو نے اسٹریٹ لائٹس کا افتتاح کرتے ہوئے کہاکہ صاف ستھرا ،سرسبز اور روشن ضلع کورنگی کا قیام عمل میں لاکر عوام کو مسائل سے پاک ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے محکمہ الیکٹریکل کو ہدایت کی کہ اہم شاہراہوں سے اندرونی گلیوں ،آمد و رفت کے راستوں سمیت مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف صفائی وستھرائی کے ساتھ روشنی کے انتظامات کو ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنا یا جائے ۔عظیم پورہ ڈبل روڈ جو کہ عرصہ دراز سے اندھیروں میںڈوبا ہوا تھا عوامی مطالبے پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے شاہراہ پر نئے پولز اور لائٹس نصب کرکے شاہراہ کو روشن کردیا ۔بعد ازاں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار سومرو نے شاہراہوں کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی وستھرائی اور روشنی کے حوالے سے انتظامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی سہولت کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات تیز کئے جائیں علاقائی سطح پر بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے حوالے سے اقدامات کرکے عوام کو در پیش بلدیاتی مسائل سے چھٹکارہ دلایا جائے۔