ملتان (جیوڈیسک) ملتان میں دو مختلف واقعات کے دوران بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کی بسوں نے موٹر سائیکل سواروں اور چنگ چی رکشے کو ٹکر مار دی، ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہو گئے۔
بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کی دو بسیں چوک کمہارانوالہ سے یونیورسٹی کی جانب ریس لگاتے ہوئے جا رہی تھیں کہ بستی شورکوٹ کے قریب موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا جس سے 15 سالہ شہزاد موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی شدید زخمی ہو گئے جنہیں تشویشناک حالت کے پیش نظر نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر علاقہ مکین اور جاں بحق بچے کے ورثاء جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
مشتعل مظاہرین نے یونیورسٹی کی بس کو آگ لگا دی جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا جبکہ دوسرے واقعہ میں چوک کمہارانوالہ کے نزدیک یونیورسٹی کی بس نے چنگ چی رکشے کو ٹکر مار دی جس سے 3 افراد زخمی ہو گئے جنہیں نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اب تک یونیورسٹی کی بسوں کی زد میں آکر 9 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔