پی ٹی آئی کے جلسے کے بعد ایف نائن پارک میں گندگی کے ڈھیر

PTI

PTI

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے بعد ایف نائن پارک کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر سمیت پھولوں اور پودوں کا بھی نقصان ہوا، انتظامیہ ابھی تک کچرے کے ڈھیر کی صفائی نہ کرا سکی جبکہ عمران خان نے گندگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو پارک کی فوری صفائی کی ہدایت کردی ہے۔

اتوار کو ہونے والے پی ٹی آئی کے یوم تاسیس کے بعد ایف نائن پارک کا نقشہ ہی تبدیل ہو گیا، پارک کی صفائی کی ذمے داری سی ڈی اے بھی لیت و لعل سے کام لینے لگی۔ پارک میں علی الصباح سیر کیلیے آنے والے بھی پارک میں گندگی پرسخت برہم دکھائی دیے، وہاں موجود شہریوں نے بتایا کہ عوامی مقامات پر سیاسی پارٹیوں کو جلسے اور جلوسوں کی اجازت نہ دی جائے، نمائندہ ایکسپریس کے مطابق عمران خان نے یوم تاسیس کے موقع پر خواتین انکلیوژر کا حصار توڑ کر گھسنے والے پارٹی کارکنوں پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے جبکہ ایف نائن پارک گندا چھوڑنے پر پارٹی کی مقامی قیادت کو ہدایت کی کہ فوراً پارک کی صفائی کی جائے ۔