وینزویلا میں بجلی بحران کے باعث ہفتے میں 5 روز چھٹی کا اعلان

Venezuela

Venezuela

کراکس (جیوڈیسک) وینزویلا میں حکومت نے شدید ترین توانائی بحران کا انوکھا حل نکالتے ہوئے ملک بھر میں ہفتے میں 5 روز کی چھٹی کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وینزویلا کی حکومت نے ملک میں جاری توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ہفتے میں صرف 2 روز کام اور 5 روز کی چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ وینزویلا کے نائب صدر اریستوبولو استوریز کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کو بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ہفتے میں صرف دو روز یعنی پیر اور منگل کو کام کرنا چاہیئے۔

وینزویلا کے نائب صدر کا ٹی وی پر اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ سرکاری اداروں میں ضروری کام کے علاوہ بدھ، جمعرات اور جمعہ کو کام نہیں ہو گا۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں اور مزدور آرگنائزیشنز نے حکومتی فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے 28 لاکھ سرکاری ملازمین متاثر ہوں گے، حکومت اس مسئلے کو ٹھیک طرح سے حل کرنے کے اقدامات اٹھائے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ہی وینزویلا کے صدر نکولس ماڈورو نے بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ہفتے اور اتوار کے ساتھ جمعہ کی چھٹی کا اعلان کیا تھا۔ وینزویلا کو شدید ترین خشک سالی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے اس کے مرکزی ہائیڈرو الیکٹرک ڈی میں پانی کا لیول نیچے جانے کی وجہ سے بجلی کی مطلوبہ پیداوار کا حصول ممکن نہیں رہا ہے۔