ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی سے) آزر بائیجان کے دفاعی پیداوار کے وزیر یاور جمالو کی قیادت میں سرکاری وفد نے پاکستان آرڈننس فیکٹریز کا دورہ کیا،چئیرمین پی او ایف بورڈلیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات نے وفد کا استقبال کیا،اور بورڈ ممبران سے انکا تعارف کرایا۔
چیئرمین پی او ایف بورڈ لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات نے اپنے استقبالیہ کلمات میں وفد کو بتایا کہ پی او ایف کا بنیادی مینڈیٹ پاکستان کی مسلح افواج کو اسلحہ و گولہ بارود کی فراہمی ہے اور پی او ایف اپنی مسلح افواج کی اسلحہ و گولہ بارود کی سو فیصد ضروریات پوری کرنے کے بعد اپنی فاضل پیداواری صلاحیت دنیا کے تیس سے زائد ممالک کو برآمد بھی کر رہاہے۔
چیئرمین پی او ایف بورڈ نے مزید کہا کہ پاکستان اور آذر بائیجان کے درمیان دفاعی پیداوار کے شعبہ میں پہلے سے ہی گہرے روابط ہیں اور ان روابط کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔
تبسم رحمان ڈی آئی سی آر و ممبر پی او ایف بورڈنے اپنی تفصیلی بریفنگ میں وفد کو بتایا کہ پی اوایف چودہ فیکٹریوں پر مشتمل ایک بڑا صنعتی کمپلیکس ہے جس میں 14ذیلی ادارے اور چھبیس ہزار سے زائد ملازمین کام کر رہے ہیں۔
پی اوایف نے ہمیشہ حالت جنگ و امن میں مسلح افواج کی طرف سے دئیے گئے اہداف کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا ہے ۔ وفد کو پروڈکٹ ڈسپلے لائونج کا دورہ کرایا گیا، یاور جمالو منسٹر برائے دفاع آذر بائیجان نے پی او ایف میں تیار ہونے والی مصنوعات کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔