لاہور (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کے بجائے وزیراعظم جلسوں پر نکل گئے ہیں۔
لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر وزیراعظم نوازشریف کو چاہیئے تھا کہ وہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیتے لیکن وہ پارلیمنٹ کواعتماد میں لینے کے بجائے جلسوں پر نکل گئے ہیں اور جلسوں میں صرف اپوزیشن کو گالیاں ہی دی جارہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فرانزک آڈٹ کے ذریعے پاناما لیکس پر ہونے والے انکشافات کی انکوائری کی جائے اوراپوزیشن کے ساتھ مل کرتحقیقاتی کمیشن کے ٹی او آرز بنائے جائیں۔
اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ انکم ٹیکس صفر ہونے کے باوجود اتنی جائیدادیں کیسے بن گئیں، باہر منتقل ہونے والا پیسہ تھیلوں میں تو بیرون ملک نہیں گیا، یہ میٹرو بس، اورنج لائن اور موٹروے پر ٹانکا ہے۔