رحیم یار خان : پولیو دہشت گرد وائرس اور لاعلاج مرض ہے جس کا خاتمہ صرف ویکسین سے ہی ممکن ہے۔ معاشرے کاہر فردپانچ سال سے کم عمر تما م بچوں کو انسداد پولیو کی ہر مہم میں قومی فرض سمجھتے ہوئے پولیو و یکسین کے دو قطرے پلا کر وطن عزیز کو پولیو فری بنانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔روٹری انٹر نیشنل پولیوکمیٹی کی جانب سے سندھ، بلوچستان، پنجاب بارڈر پر پولیو ورکرز کیلئے تمام سہولیات سے آراستہ کنٹینر فراہم کرنا صدقہ جاریہ ہے۔ان خیالات کا اظہار روٹری انٹرنیشنل کے ڈسٹرکٹ گورنر ساجدپرویز بھٹی نے چوک ماہی چیک پوسٹ پرپولیو ورکرز کیلئے فراہم کردہ کنٹینر کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔
پولیو کمیٹی کے رکن ممتاز بیگ نے کہا کہ مزید سفری پابندیوں سے بچنے کیلئے ملک کا پولیوفری ہونا ضروری ہے ورنہ بیرونی سرمایہ کاری اور غیر ملکی امداد بھی بند ہو سکتی ہے۔یونیسف کے پراونشل آفیسر پنجاب عمر فیروز نے کہا کہ روٹری کلب ممبران دنیا سے پولیو کے خاتمہ کیلئے اہم کردار ادا کرہے ہیں اور ملک بھر میں پولیو ورکرز کیلئے مناسب سہولتوں کے ساتھ کنٹینرزکی فراہمی روٹری کاقابل ستائش اقدام ہے۔ اس موقع پر صدر کلب چوہدری ریاض احمد، سیکرٹری سمیع خان، این آر ایس پی ریجنل ہیڈ امجد اقبال خان،میڈم ثمینہ اشرف،سکندر علی چوہدری،مدثر سہیل،جان محمد وارثی، خواجہ ارشاد احمد، عمران چوہدری،کام نیٹ کے فرقان طاہر تتلہ،راشد علی،رانا محمد افضل،جاوید اقبال کے علاوہ سکیورٹی اداروں کے اہلکار، پولیو ورکرز، رضاکار، معززین علاقہ اور مقامی لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔