کراچی (اسٹاف رپورٹر) محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائدوچیئرمین امیرپٹی‘صدر سید سلیمان راجپوت اور انفارمیشن سیکریٹری عمرا چنگیزی نے حکومت کی جانب سے 100 ارب روپے کے مزید نئے ٹیکسزلگائے جانے کے عندیہ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ مزید ٹیکس لگائے کی بجائے اگر حکمران 12 ارب روپے یومیہ کی کرپشن پر قابو پائیں اور پہلے سے لاگو ٹیکسز کی وصولی کو یقینی بنائیں تو قوم پر مزید ٹیکس ستم کی کوئی ضرورت نہیں رہے گی۔
جبکہ لوٹی گئی و منتقل کردہ قومی دولت کی وطن واپسی اور ملک میں سرمایہ کاری ملک و قوم کیلئے ترقی و خوشحالی کے نئے باب وا کرنے کا باعث بن سکتی ہے ۔پانامہ لیکس کے ذریعے عوام کے سامنے بے نقاب ہونے والوں کیلئے ضروری ہوچکا ہے۔
وہ منتقل کردہ سرمائے کی وطن واپسی یقینی بناکر اپنی حب الوطنی و عوام دوستی کا ثبوت پیش کرنے کیساتھ اپنی غلطی کا کفارہ بھی ادا کریں مگر لگتا یوں ہے کہ کفارے کی ادائیگی تو دور کی بات حکمران اور ان کے حاشیہ بردار قومی سرمائے کی منتقلی کے ذریعے ملک و قوم کو پہنچنے والے نقصان کو گناہ یا جرم ماننے اور اس پر شرمسار ہونے کی بجائے اس ظلم کیخلاف آواز اٹھانے کی سزا میں عوام کو مزید ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبادینا چاہتے ہیں تاکہ عوام روزی و روٹی کیلئے اس قدر مجبور ہوجائیں کہ کسی کی کرپشن ‘ جرم ‘ گناہ کی طرف دیکھنا یا آواز اٹھانا ان کیلئے کسی بھی طور ممکن ہی نہ رہے۔