کراچی (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کراچی میں جماعت اسلامی کے تحت کرپشن فری پاکستان دستخطی مہم کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ پاکستانیوں کے دستخط کروا کر بینرز قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ کرپشن اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، صورتحال نہ بدلی تو کرپٹ لوگ پاکستان کو بھی بیچ دیں گے۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے باعث حکمرانوں کے دامن پر بدنما داغ لگ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاناما لیکس کی تحقیقات شروع ہو چکی ہیں جبکہ پاکستان میں تحقیقات کے لئے کمیشن بھی نہیں بن سکا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے 13 نکاتی ٹی او آرز پیش کر دیئے ہیں، جہاں ملک کے چوروں اور لٹیروں کو پکڑنے کے لئے قانون سازی ضروری ہے، وہیں معلومات کے تبادلے کے لئے نئے بین الاقوامی معاہدوں کی بھی ضرورت ہے۔