کراچی (اسٹاف رپورٹر) افواج پاکستان کی دیانتداری ‘ فرض شناسی ‘ حب الوطنی ہرقسم کے شکوک و شبہات سے بالاتر ہے اور وطن عزیز کے دفاع ‘ عوام پاکستان کے تحفظ اور دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے دی جانے والی افواج پاکستان کی بیمثال و لازوال قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی اور اب افواج پاکستان نے دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے ‘ پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنے اور زمینوں پر قبضے کے ذریعے عوامی وسائل کی لوٹ مار کرنے والوں کیخلاف جس عزم کا اعادہ کیا ہے آل پاکستان مسلم لیگ اور عوام پاکستان اس پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتی اور انہیں بھرپور حمایت کا یقین دلاتی ہے۔
آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید نے کہا کہ کرپشن کیخلاف فوج کی کاروائیوں سے خوفزدہ گلے گلے تک کرپشن کی دلدل میں دھنسے عوام دشمن عناصر فوج کو دھمکیاں دینے کے بعد جوابی رد عمل سے خوفزدہ ہوکر اراضی کی سیاسی رشوت کے ذریعے اپنے گناہوں کی پردہ پوشی چاہتے ہیں مگر انہیں یہ یاد رکھنا چاہئے کہ افواج پاکستان کا ہر اہلکار و افسر کرپشن’ بد دیانتی اور ضمیر فروشی سے پاک ہے اسلئے فوج کو نہ تو خریدا جاسکتا ہے اور نہ ہی کرپشن کیخلاف اس کے بڑھتے قدموں کو کسی دھمکی یا رشوت کے ذریعے روکا جاسکتا ہے کیونکہ دہشتگردی ‘ کرپشن ‘ اختیارات کے ناجائز استعمال ‘ دہشتگردوں کی مالی’سیاسی یا اخلاقی حمایت کیخلاف آل پاکستان مسلم لیگ اور عوام پاکستان ہرطرح سے افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔