لاہور (جیوڈیسک) پاناما لیکس پر حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لئے تحریک انصاف چیئرنگ کراس پر آج میدان لگائے گی۔ پنجاب اسمبلی کے سامنے جلسے کا پنڈال سجا دیا گیا۔ مال روڈ پر بینرز اور پرچموں کی بہار آ گئی ہر طرف سبز اور سرخ رنگ چھا گیا۔
مال روڈ، علامہ اقبال روڈ، ڈیوس روڈ، کینال روڈ پر بے شمار بینر لگا دیئے گئے۔ جلسے کا اسٹیج پنجاب اسمبلی کے سامنے سجے گا ساؤنڈ سسٹم نصب ہو گیا جبکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے جنریٹرز بھی لگا دیئے گئے۔
جلسہ شام پانچ بجے شروع ہو گا۔ عمران خان اور دیگر مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔ جلسہ گاہ میں داخلے کیلئے پانچ راستے مختص کر دیئے گئے۔ وی آئی پیز چڑیا گھر کے راستے سے اور خواتین سی سی پی او آفس کی طرف سے جلسہ گاہ میں آئیں گی۔
جلسے کی سیکیورٹی کیلئے 9 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ کارکنوں کو میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس کی مدد سے چیک کرنے کے بعد داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔