لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے قرضے معاف کرانا بہت بڑا قومی جرم ہے۔ جن لوگوں نے قرضے معاف کرائے ہیں انکا بھی کڑا احتساب ضروری ہے۔ قرض معاف کرانے والوں کی کرپشن ثابت ہوچکی ہے اور جن لوگوں نے قرضے معاف کرائے، انکی فہرست سٹیٹ بینک کے پاس موجود ہے۔ غریب لوگوںکی بینکوں میں جمع پونجی ہڑپ کرنے والوں کے نام سامنے آچکے ہیں۔ قرض معاف کرانے والوں کے خاندانوں کی آف شور کمپنیاں بھی ہیں۔ قرض ہڑپ کرنے والوں کو بھی حساب دینا ہوگا۔ وہ گذشتہ روز گورنر ہائوس لاہور میں سینئر صحافیوں، ایڈیٹرز، کالم نگاروں اور اینکرز سے گفتگو کررہے تھے۔
صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال ہارون سلطان بخاری سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب حکومت کے اربوں روپے کے فلاحی پروگراموں سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہورہی ہے۔ معذور افراد کی اعانت کیلئے خدمت کارڈ پروگرام کامیابی سے جاری ہے اور 65 ہزار سے زائد مستحق معذور افراد کو خدمت کارڈ جاری کئے جا چکے ہیں۔ خدمت کارڈ کے ذریعے معذور افراد میں کروڑوں روپے کی مالی امداد تقسیم کی جا چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ سے زائد مالی مشکلات سے دوچار ذہین طلبا و طالبات اپنی علمی پیاس بجھا رہے ہیں۔ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے ذریعے غریب گھرانوں کے 15 لاکھ سے زائد بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ دانش سکولوں میں بھی غریب ترین گھرانوں کے بچوں اور بچیوں کو قیام و طعام اور معیاری تعلیم کی سہولتیں مفت حاصل ہیں۔ نوجوانوں کو اپنا روزگار شروع کرنے کیلئے بلاسود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔
دھرنوں کے شوقین اپنی احتجاجی اور انتشار کی سیاست کے ذریعے غریبوں کے فلاحی پروگراموں میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں۔ملک کی ترقی کے راستے میں روڑے اٹکانے والوں کو عوام کی فلاح و بہبود سے کوئی سروکار نہیں۔ عوام ان عناصر کے عزائم جان چکے ہیں، دھرنوں کی طرح انہیں اب بھی ناکامی ہوگی۔ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رہیگا۔ پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے۔ محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں محنت کشوں کا کلیدی کردار ہے۔ مزدور کی خوشحالی، احترام اور اسے بااختیار بنائے بغیر ترقی کے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے۔
دین اسلام میں محنت کش کو اللہ کا دوست قرار دے کر اس کی عظمت کا اعتراف کیا گیا ہے۔ مزدورو ںکا عالمی دن اپنے حقوق کے حصول کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے محنت کشوں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ ہمیں آج کے دن مزدوروں کی فلاح اور ان کے جائز حقوق کے تحفظ کیلئے انکا بھرپور ساتھ دینے کے عہد کی تجدید کرنا ہے۔