کراچی میں آگ برساتا سورج اور ہیٹ اسٹروک سے مرتے عوام

Karachi Heat Stroke

Karachi Heat Stroke

تحریر: محمداعظم عظیم اعظم
آج میں اپنے شہرقائد کراچی میں قیامت خیز پڑنے والی گرمی سے متعلق کرناچاہوں گاکہ اِن دِنوں میرے شہرِ کراچی کے بیچارے باسی پہلے ہی آگ برساتے سورج سے نکلنے والی مضرصحت شعاعوں اورہیٹ اسٹروک کی زد میں ہیں اور زندہ درگور ہوئے جارہے ہیں اوراُوپر سے کے الیکٹرک والوں کی طویل لوڈشیڈنگ اور اِن کی آئے روز کی دیدہ ودانستہ برقی آلات میں فنی خرابی کی ڈرامہ بازی سے ساراسارادن شہر کے بہت سے غریب علاقوں میں بجلی کے بندش اورکراچی واٹربورڈ کی نااہل انتظامیہ کی ناقص حکمتِ عملی اور فرسودہ منصوبہ بندی کی وجہ سے شہر کراچی میں پانی کی قلت کا مسئلہ پیداہوگیاہے جس کی وجہ سے ِ کراچی کے لوگ پانی کی ایک ایک بوند سے محروم ہیں آج بھی جب یہ سطورلکھی جارہی ہیں شہرِ قائد کے بے شمار علاقے ایسے ہیںجہا ں پر شہری پانی کوترس رہے ہیں یوں کے الیکٹرک اور کراچی واٹربورڈ کی انتظامیہ نے اپنی نااہلی کی وجہ سے کراچی کے غیوراور محنت کش شہریو ں کی زندگیوں میں زہرگھول دیاہے۔

اِس صورتِ حال میں اربابِ اختیاریعنی کہ وفاق سے ن لیگ کی حکومت اور سندھ میں پی پی پی کی صوبائی(نااہل) حکومت بھی کے الیکٹرک اورکراچی واٹربورڈ کی انتظامیہ کی ہٹ دھرمی اور شہرمیں پانی کی قلت اور طویل لوڈشیڈنگ پر خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے کیونکہ کے الیکٹرک کی انتظامیہ کے آگے اِن سب کی بے حسی اور لاچارگی کو دیکھتے کہنے والے تویہ تک کہتے ہیں کہ موجودہ کے الیکٹرک کی انتظامیہ اور وفاقی اور صوبائی حکومت میں یہ طے پاگیاہے کہ کے الیکٹرک کی انتظامیہ جس طرح سے بھی چاہئے اپنے ادارے کو ترقی دے، خواہ اِسے جیسے بھی حربے استعمال کرنے پڑیں اِن کے استعمال سے بھی یہ دریغ نہ کرے، اوراپنی سالانہ آمدنی کے اہداف جیسے چاہئے بڑھائے گو کہ ہماری وفاقی اور سندھ کی صوبائی حکومتوںنے کے الیکٹرک کی انتظامیہ کو فری ہینڈ دے رکھاہے کہ یہ جس طرح سے بھی چاہئے اپنے ادارے کو مالی اعتبار سے مستحکم کرے اَب یہ خواہ کراچی کے عوام کو بجلی بلاتعطل سپلائی کرکے یا نہ کرکے ،جزوقتی لوڈشیڈنگ کرکے یا طویل بجلی کا تعطل پیدا کرکے ،فنی خرابی کا بہانہ بناکربجلی کی سپلائی ساراسارادن بندرکھے یابرقی آلات کی مرمت کا ڈھونگ رچاکرشہرِکراچی کے عوام کو پوراپورادن بجلی سے محروم رکھے مگر بل جیسا چاہئے بڑھاکر دے اور اپنے صارفین کی گردنوں اور سینوں پر پاو ¿ں رکھ کر بلوںکی وصولی کرے ہم اِس کے معاملے میںمداخلت نہیں کریں گے اِن دِنوں جس پر کے الیکٹرک کی انتظامیہ ایمانداری سے کاربندہے اور سورج سے آگ برساتی گرمی اور ہیٹ اسٹروک کی وباکے باوجود بھی شہرِ کراچی میںمعمول سمیت برقی آلات کی روزمرہ کی مرمت کے بہانے طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ہنوز جاری ہے ۔

Heatwave

Heatwave

جس پر ایسا لگتاہے کہ جیسے اگلے آنے والے دِنوں میں بھی جب سورج سوانیزے پر ہوگااور آگ برساکر شہرِ کراچی کے عوام کو جھلساکر بھون ڈال رہاہوگاتو تب بھی کے الیکٹرک کی لالچی انتظامیہ شہرِ کراچی میں اپنے تیور طویل لوڈشیڈنگ اور ساراسارادن بجلی بند کرکے دکھارہی ہوگی اور وزیراعظم پاکستان محمدنواز شریف اورسابق صدراور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری اور ادی اور وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ اور گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان سے اپنے کارناموں پر اپنی گردنیں تان کر نشانِ جرات و ہمت جیسے اعزازات اور انعامات بھی حاصل کررہی ہوگی۔

یہاں میں اپنے اربابِ اقتدارو اختیارسے یہ کہناچاہوںگاکہ قبل اِس کے کہ مئی اور جون کا مہینہ شروع ہواور کراچی والوںکے سروںپر ماہِ رمضان المبارک بھی آن پہنچے اورسورج سالِ گزشتہ کی طرح پھر اپنی آگ برسانے لگے اور شہر کراچی کے غریب علاقوں کے بجلی سے محروم روزے دار گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے مرنے لگیں ہماری وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ذمہ داران کو کے الیکٹرک کا قبلہ ضرور ٹھیک کرنے کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے۔

Load Shedding

Load Shedding

اِس مرتبہ پھر شہرکراچی میں ماہ ِ رمضان المبارک میں روزے دارہزاروں کی تعداد میں کے الیکٹرک کی بجلی سے محرومی اور ہیٹ اسٹروک کے باعث قبرستان کا رخ کریں گے تواِس مرتبہ شہرکراچی کے عوام اپنے اگلے پچھلے تمام مرنے والوں کا حساب وزیراعظم نوازشریف سابق صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اِن بہن اور زرداری صاحب کے بچوں سمیت سندھ کے وزیراعلیٰ سیدقائم علی شاہ اور گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد سے بھی لینے کا حق رکھتے ہیں کیونکہ کے الیکٹرک کی انتظامیہ کو لگام دینے کاحق اِنہی لوگوں کو حاصل ہے اَب یہ اور بات ہے کہ یہ لوگ بھی اپنی اِس ذمہ داری سے منہ چرائیں اوریہ اپنی اتنی سی بھی ذمہ داری پوری نہ کریں تومُلک کو سب سے زیادہ ٹیکس اور کماکر دینے والے دنیاکے انٹرنیشنل شہرکراچی اور اِس کے شہریوں کا تو اللہ ہی حافظ ہے۔

اِس میں شک نہیںہے کہ دورِ حکومت میں کراچی کو سونے کا انڈادینے والی مرغی تو ضرورسمجھاگیاہے مگر افسوس ہے کہ اِس مرغی کی ضرورتوں کا کبھی بھی کسی نے کچھ خیال نہیں کیا ہے جو جیسے بھی حکمرانی کی مسندپر بیٹھااُس نے کراچی کے وسائل کو اپنے آباواجداد کی جاگیرسمجھ کر اپنی ذات اورسیاسی مقاصدکے لئے استعمال کیااور جس کا جیسے بس چلااُس نے شہرِقائد کو کھوکھلاکرنے اور اِس کا ستیاناس کرنے میں ذرابھی دیرنہیں کی ہے افسوس ہے کہ آج بھی شہرکراچی کو لوٹ کھانے والے عناصر حکمرانوں، سیاستدانوں، صنعت کاروں ، تاجروں اور کے الیکٹرک اور واٹربورڈ جیسے اداروں کی انتظامیہ کی شکل میں موجود ہیں۔(ختم شُد)۔

Azam Azim Azam

Azam Azim Azam

تحریر: محمداعظم عظیم اعظم
azamazimazam@gmail.com