لیہ (جیوڈیسک) زہریلی مٹھائی کھانے سے ہلاکتوں پر ورثا سے تعزیت کیلئے وزیر اعلی پنجاب لیہ پہنچے۔ ورثا نے نشتر ہسپتال ملتان اور ڈی ایچ کیو ہسپتال لیہ کے ڈاکٹروں کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیئے، بیشتر متاثرین کا وزیر اعلیٰ کی ملاقات سے روکے جانے پر پنڈال کے باہر احتجاج، ٹینٹ بھی پھاڑ ڈالے۔
زہریلی مٹھائی سے 31 قیمتی جانوں کے ضیاع پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ورثا سے اظہار تعزیت کیلئے لیہ پہنچے جہاں ضلعی انتظامیہ کی بریفنگ کے بعد شہباز شریف نے ورثا سے بھی سوالات کئے۔
تین کمسن بچوں کی وفات کا غم سہنے والی زاہدہ پروین اور آٹھ بیٹوں کے بچھڑنے پر غمزدہ عمر حیات نے نشتر ہسپتال ملتان اور لیہ ڈاکٹروں پر مبینہ غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے شکایات کے انبار لگا دیئے۔
وزیر اعلیٰ نے ورثا سے خطاب میں کہا کہ آپ پر قیامت گزری ہے میں وزیر اعظم کی طرف سے بھی تعزیت کا پیغام لیکر آیا ہوں۔ وزیر اعلیٰ نے ورثا کو یقین دلایا کہ غفلت کے مرتکب ذمہ داروں کو معافی نہیں دی جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ معاملے کی انکوائری جاری ہے اور دو ہفتوں بعد دوبارہ لیہ آ کر انصاف کے تقاضے پورے کریں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے بچوں کو نوکریاں دینے اور بی ایچ کیو کو اپ گریڈ دینے کا بھی اعلان کیا۔