کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحقیقاتی اداروں نے کے ایم سی محکمہ سی ایس آر میں ہونے والی بدعنوانی پر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ صوبائی محتسب اعلیٰ نے کراچی چڑیا گھر میں فوڈ اسٹریٹ کے ٹھیکے پر کے ایم سی کی عدم دلچسپی پر ایک بار پھر نوٹس جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کے ایم سی کے محکمہ سی ایس آر نے 9 فروری کو کراچی چڑیا گھر میں فوڈ اسٹریٹ کے ٹینڈرز کھو لے تھے لیکن خواہشمند ٹھیکداروں کو اس میں حصہ لینے سے روکا گیا تھا اور اس کی شفافیت کی مشکوک بنا دیا تھا جس پر صوبائی محتسب اعلیٰ کو درخواست دی گئی تھی جس پرصوبائی محتسب اعلیٰ نے کے ایم سی کے محکمہ سی ایس آر کو 18اپریل 2016ء کو طلب کیا تھا لیکن محکمہ سی ایس آر نے احکامات کو ہوا میں اُڑا دیئے جس پر صوبائی محتسب اعلیٰ نے 29اپریل 2016ء کو ایک بار پھر سنیئر ڈائریکٹر سی ایس آر کے نام سے ریمائیڈر 4816جاری کرتے ہوئے 20مئی 2016ء کو طلب کر لیا ہے۔
جبکہ ذرائع کے مطابق اس وقت کے ایم سی کے محکمہ سی ایس آر میں مختلف تحقیقاتی اداروں نے چھان بین شروع کردی ہے جس مین سفاری پارک میں قوائد و ضوابط کو پورے کئے بغیر جھولوں کیلئے زمین اورٹھیکہ ایوارڈ کیا گیا تھا اور ہائی کورٹ نے بھی عائشہ مزل پر واقع مرکز اسلامی میں سنیما گھر چلانے کی اجازت پر کاروائی کا آغاز کیا ہوا ہے جبکہ ذرائع کے مطابق انٹی کرپشن نے بھی کے ایم سی کے محکمہ سی ایس آر کے خلاف کاروائی کے لئے چیف سیکریٹری سندھ سے اجازت لینے کا فیصلہ کیا ہے۔