کراچی (اسٹاف رپورٹر) گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے پاکستان میں یوم مزدور منانے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال یوم مزدور منانے کے باجود مزدور آج تک محنت کے مطابق اجرت ‘ معاشی و سماجی حقوق اور آئینی و قانونی سہولیات سے محروم ہیں کیونکہ حکومت سمیت کوئی بھی سیاسی جماعت ان سے مخلص نہیں ہے جس کی وجہ سے مزدور آج بھی کسمپرسی اور حقوق ‘ سہولیات و خوشیوں سے محروم زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اوراس وقت تک اسی طرح مجبور رہیں گے جب تک وہ وہ قیادت کے انتخاب میں تعصب ‘ لسانیت ‘ شخصیت پرستی کو فوقیت دیتے رہیں گے یا خوف و لالچ سے مجبور ہو کر حیوانوں کے ہاتھوں میں کھلونا بنے رہیں گے۔
گجراتی سرکار نے کہا کہ مزدور ‘ محنت کش ‘ دہقان ‘ کسان ‘ عوام اور طالبعلم یہی جان لیں کہ کوئی ان کی حالت و حالات بدلنے نہیں آئے گا تبدیلی کیلئے پہلے ہمیں خود کو تبدیل کرنا ہوگا اور لالچ ‘ خوف ‘ شخصیت پرستی ‘ تعصب و لسانیت سے آزاد ہوکر عمل ‘ کردار اور ایمان کی بنیاد پر قیادت کا انتخاب کرنا ہو گا۔