داعش نے 75 امریکی فوجیوں پر مشتمل ہٹ لسٹ جاری کردی

ISIS

ISIS

بیروت (جیوڈیسک) ہیکرز کے ایک گروپ نے اپنا تعلق داعش سے بتاتے ہوئے ایک ’ہٹ لسٹ‘ شائع کی ہے جس میں 70 سے زائد امریکی فوجی افسران کے نام شامل ہیں۔ یہ افسران مبینہ طور پر شام میں دہشت گردوں کے خلاف فضائی کارروائیوں میں شریک ہیں۔

برطانوی اخبار کے مطابق ہیکرز نے اپنا تعلق برطانیہ سے بتایا ہے اور کہا ہے کہ وہ ’اسلامک اسٹیٹ ہیکنگ ڈویژن‘ میں شامل ہیں۔ اس گروپ نے ان فوجی افسران کا نام، پتے اور تصویریں آن لائن شائع کی ہیں۔ فہرست میں فوجی افسران کے ساتھ خواتین اور ان کے حامیوں کے نام بھی شامل ہیں۔

گروپ نے متنبہ کیا ہے کہ وہ بہت جلد برطانیہ کی وزارت دفاع کی خفیہ معلومات بھی شائع کردیں گے جس میں برطانوی فضائیہ کے ڈرون آپریٹرز کے نام شامل ہیں۔

ہٹ لسٹ کا عنوان ’ ٹارگٹ ۔ امریکی فوج‘ ہے جسے ٹوئٹر اور ایک اور ویب سائٹ پر شائع کیا گیا ہے۔

ہٹ لسٹ پر مشتمل دستاویز میں لکھا گیا ہے کہ تم صلیبی فوجی صرف دور سے بیٹھ کر کمپیوٹرز کی مدد سے ہم پر حملہ کرتے ہو۔ تمہاری فوج، تمہارا صدر بزدل ہے جس نے مزید فوج بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔ دور سے بیٹھ کر بٹن دبانے کے بجائے یہاں آ کر ہم سے لڑو۔

دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ ان 75 صلیبیوں نے امریکہ اور پوری دنیا میں ہمارے بہن بھائیوں کو مارا ہے۔

دستاویز میں انکشاف کیا گیا ہے کہ برطانیہ کی وزارت خارجہ میں داعش کے ہمدرد موجود ہیں جنہوں نے ان کو خفیہ معلومات فراہم کی ہیں جو بہت جلد جاری کردی جائیں گی۔

دستاویز میں مجسمہ آزادی کی سر بریدہ تصویر بھی ہے۔ اخبار کے مطابق لسٹ میں شائع کیے گئے نام اصلی ہیں۔