لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں پی ٹی آئی جلسے میں خواتین سے بدسلوکی ہوتی رہی اور حفاظت کی ذمہ دار قیادت سٹیج پر براجمان رہی۔ خواتین کارکنوں نے عمران خان کو حقائق پر مبنی ای میل کر دی۔ لاہور میں چیئرنگ کراس پر تحریک انصاف کا جلسہ، ایک بار پھر خواتین بدسلوکی کانشانہ بنیں۔
واقعہ نے ایک بار پھر کئی سوالات کو جنم دیدیا ۔ جلسے میں خواتین کے تحفظ پر مامور قیادت خواتین کے پنڈال میں بیٹھنے کے بجائے سٹیج پر کیوں براجمان رہی ۔ تحریک انصاف کی خواتین نے عمران خان سمیت پارٹی قیادت کو ای میل کردی ۔ ای میل میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کا کام پرابلم پیدا کرنا مگر پی ٹی آئی کی ذمہ داری ہے کہ محتاط رہے۔
حکومت اور پولیس نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔ خواتین کے واقعہ کے وقت پولیس تماشا دیکھتی رہی۔ سعدیہ سہیل کو خواتین سیکورٹی کا انچارج بنایا گیا مگر وہ پنڈال کے بجائے سٹیج پر رہیں۔
حافظ فرحت عباس اور ثانیہ کامران نے ذمہ داری پوری نہیں کی۔ کچھ دیر پنڈال میں گزرا پھر وہ بھی سٹیج پر چلے گئے۔ قیادت کو بھیجی گئی میل میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی میں سٹیج پر بیٹھنے کا شوق مرض کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے۔