کشمور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ موجودہ وزیراعظم سمیت ہر کرپٹ آدمی کا بلاامتیاز احتساب ہونا چاہئے تاکہ ملک میں شفافیت اور عوام کے وسائل عوم پرہی خرچ ہو سکیں، جن جن پارٹیوں میں کرپٹ لوگ چھپے ہوئے ہیں۔
پارٹیان ازخود ایسے لوگوں کو نکال باہر کر دیں، ملک میں اس وقت روزانہ 12ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے،جہاں روزانہ اتنے بڑے پیمانے پر کرپشن ہورہی ہو وہ ملک کیاترقی کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمور میں تنظیمی دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،ممتاز حسین سہتو،حافظ نصراللہ عزیز، عبدالحفیظ بجارانی بھی موجود تھے۔قبل ازیں انہوں نے ضلع بھر کے اجتماع ارکان سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ ارکان جماعت تعلق باللہ اور اپنے اخلاق وکردار کو ہتھیار بناتے ہوئے لوگوں کی دلوں کو فتح اور اپنے رب کو راضی کریں۔اس موقع پر انہوں نے ضلع بھر کے سیاسی، سماجی، تنظیمی کاموں کا جائزہ اور ذمہ داران کو خصوصی ہدایات دیں۔