قصور (محمد عمران سلفی سے) ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس مسز نگہت ریاض کی ریٹائرمنٹ کے سلسلے میں انکے آفس میں گزشتہ روز الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب لاہور مسز طوبی نور، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے حناء رحمان، پی ایس او ٹو ڈی سی او قاسم خان، تنظیمی عہدیداروں، رضا کاروں ،لیڈی رضا کاران، سٹاف دفتر سول ڈیفنس اور دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی او سول ڈیفنس مسز نگہت ریاض کی قصور کیلئے کوششوں و کاوشوں اور خدمات کو سراہا گیا ۔ مقررین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ڈی او سول ڈیفنس نے محکمہ کیلئے دن رات محنت کی انکی کاوش سے سول ڈیفنس قصور کے بجٹ میں دگنااضافہ کیا گیا اور بم ڈسپوزل سکواڈ کیلئے بم وہیکل خرید کر دی گئی ہے جو عنقریب مل جائیگی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سول ڈیفنس نے اپنی تقریر میں مسز نگہت ریاض کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قصور میں لیڈی رضا کاران ونگ کا قیام ان کا بہت بڑا کار نامہ ہے ۔بعدازاں ڈی او سول ڈیفنس مسز نگہت ریاض کو محکمہ کی طرف سے بہترین کارکردگی پر انعامات سے بھی نوازا گیا۔