وزیراعظم کی پارٹی رہنماوں کو گونگے بہرے بننے کی ہدایات

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

تحریر : محمد اعظم عظیم اعظم
خبر ہے کہ پچھلے دِنوں جوڈیشنل کمیشن اوراپوزیشن کے ٹی اوآرز کے حوالے سے وزیراعظم نوازشریف نے اپنی زیرصدارت منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے سخت لب و لہجے اور دوٹوک انداز سے اپنی پارٹی کے سینیئر عہدیداران (جس میں ن لیگ کے سینیئر رہنماءوفاقی وزراءاور معاونین بھی شامل ہیں )سے کہاہے کہ وہ نہ صرف پاناماپیپرزلیکس کے بعد پیداہونے والی سیاسی ہلچل اور طوفان پہ کڑی نگاہ رکھیں بلکہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت مخالف تحاریک اور شوروہنگامے اور احتجاجوں پرگونگے بہرے بھی بن جائیں بلکہ حزبِ مخالف کی ہر جماعت کو پارلیمنٹ میں اِس کے عددی طاقت کے مطابق نبٹنے کی حکمتِ عملی بھی اپنائیں اور مزید یہ کہ وزیراعظم نے اِسی اجلاس میں اپنی پارٹی کے عہدیداران سے یہ بھی کہاہے کہ ” ویسے توپارلیمنٹ میں اپوزیشن کی عددی طاقت ہمارے مقابلے میں محض دس فیصد ہے۔

یعنی کہ اُونٹ کے منہ میں زیرہ جتنی ہے لیکن حیرت تو اِس بات پر ہے کہ مٹھی بھر اپوزیشن ایوان میں اپنے حجم سے 200فیصد زیادہ بلندآواز سے حکومت مخالف شورشرابہ مچاکر حکومت کو مُلکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے مستقبل میں کئے جانے والے منصوبوں اور اقدامات سے بھی روکناچاہ رہی ہے اَب یقینی طور پر ضرورت اِس امر کی ہے کہ پاناماپیپرزلیکس پر شورمچانے اور ضرورت سے زیادہ اُٹھنے والی آوازکو اپوزیشن کے منہ اور حلق ہی میں بند رکھنے کی حکمتِ عملی اپنائی جائے تاکہ حکومت اپنے عزائم میں کامیاب ہواور اپوزیشن حکومت اور اِن کی ذات اور فیملیز ممبران سے متعلق اپنے منہ اور مسور کی دال والے مطالبوںاور اقدامات سے خود ہی دستبردار ہوجائے۔

چلیں، قارئین حضرات، آج ایسالگتاہے کہ جیسے مضبوط عصاب کے مالک ہمارے وزیراعظم نوازشریف پاناماپیپرز لیکس پر اپوزیشن کے احتجاجوں ومظاہروں اور فیصلوں و مطالبوںاوراعلانات واقدامات سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں،کیونکہ اب یہ اپنی پارٹی کے سینئر عہدیداران کو ایسی ہدایات کرنے لگے ہیں کہ یہ پاناما لیکس پر اپوزیشن کے احتجاجوں اور مظاہروں اور مطالبوں کے حوالوں سے گونگے بہرے بن جائیں ، وزیراعظم کی جانب سے اپنے پارٹی عہدیداران کو ایسی مضحکہ خیز ہدایات جاری کئے جانے پرقوم یہ سوچ رہی ہے کہ وزیراعظم نوازشریف اور اِن کی پارٹی کے عہدیداران اور حکومتی وزراءجو پہلے ہی عوامی مسائل کو سُننے اور حل کرنے کے حوالوں سے گونگے بہرے تھے۔

Parliament

Parliament

اَب وزیراعظم نوازشریف کی گونگے بہرے بننے والی واضح ہدایات کے بعد تو اِن کی پارٹی اور حکومتی وزراءاور ن لیگ کے ہر بڑے چھوٹے نئے پرانے اور اِدھر اُدھر سے وابستہ اراکین پارلیمنٹ خود کو دیگر حوالوں سے گونگے بہرے بننے میں فخرمحسوس کریں گے اوراَب تو اِس طرح یہ لوگ گونگااور بہرابننے میں سُنتِ نوازی اداکریں گے اور یہ سوچیں گے اور سمجھیں گے کہ یہ خود کو اپنے پارٹی قائد نوازشریف کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ثوابِ دارین پائیں گے۔ کیونکہ آج اِن کے لئے خود اِن کے اپنے ہی قائدِحقیقی نوازشریف کی خصوصی ہدایات ہیں کہ یہ گونگے بہرے بن جائیں اِن کے اِس عمل سے جمہوریت کو تقویت ملے گی اور حکومت کو اپنی مرضی چلانے اور اپنی مرضی کے فیصلے اور اقدامات کرنے میں آسانیاں پیداہوں گیں۔

جبکہ اُدھر اپوزیشن ہے کہ وہ پانامالیکس پر خود لٹوبنی دکھائی دے رہی ہے،آج پاناماپیپرز لیکس کے حوالے سے حزبِ محالف کی جماعتوں کا جو اورجیساگچھاایک پلیٹ فارم پر نظرآرہاہے ، اِس گچھے میں شامل بہت سی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی خصلت اور فطرت سے بھی حکومت اور عوام خوب واقف ہیں یہاں بڑے افسوس کے ساتھ یہ کہناپڑرہاہے کہ پانامالیکس کے حوالے سے جس انداز سے اپوزیشن والے ایک جگہہ جمع ہوئے ہیں۔

اول میں تو اِن سب کا ایک معاملے پر یوں جمع ہوناخود ایک خلافِ خصلت وفطرت ہے جس پر حکومت اور عوام کو یقین ہی نہیں آرہاہے کہ اپنی ایک ایک اینٹ کی مسجد بنانے اور ذراسی سی بات اور معاملے پر ایوان اور مُلک کو اختلافستان بنانے والی حزبِ مخالف کی جماعتیں صرف پانامالیکس پر حکومت اور وزیراعظم نوازشریف اور اِن کے خاندان کے افراد کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر جمع کیسے ہوگئیں ہیں اور اِس پرسونے پہ سُہاگہ یہ کہ وہ یہ بھی چاہ رہی ہیں کہ پاناماپیپرزلیکس پر وزیراعظم کا سب سے پہلے احتساب بھی کیاجائے پھر اِن کے بعد دوسرے لوگوں کی جانب احتسابی رسی کا پھنداپھینکاجائے مگر اِس پر بھی کئی حزبِ مخالف کی جماعتیں راضی نہیں ہیں۔

Panama Papers

Panama Papers

آج یہی وجہ ہے کہ پاناما پیپیرز لیکس پر اپوزیشن بٹی ہوئی نظرآرہی ہے اور اَب یہ اپنا کھوکھلاوجود قائم رکھے ہوئے ہے آج یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے بنائے جانے والے گچھے میں جو شامل ہیں اُن میں سے جو جیساکہہ رہاہے،جیسابتارہاہے، جیسا سُنارہاہے،اور جیسا کرنے اور کرانے کی رغبت دلارہاہے اپوزیشن جماعتوں کے مین مہرے اور دوایک فرنٹ جماعتوں کے فرنٹ مین سرجھکائے ویسا سُننے ،کہنے اورکرنے کے لئے توتیارہیں مگر شائد وہ یہ سوچنے اور سمجھنے سے بھی قاصر اور عاری لگتے ہیں کہ اِن کے پاناماپیپرزلیکس کے حوالوں سے وزیراعظم اور اِن کے خاندان کے افراد کے خلاف اَب تک ہونے والے غیرسنجیدہ پن کی وجہ سے اپوزیشن اپنے ہی ہاتھوں خودمذاق بن گئی ہے۔

آج یہی وجہ ہے کہ اگر پاناماپیپرزلیکس پر حکومت اور اپوزیشن کے قول و فعل کے حوالوں سے اُٹھنے والے سوالات اور پیداہونے والی صورتِ حال کا جائزہ لیاجائے تو بس ایک یہی بات سمجھ آتی ہے کہ حکومت اور اپوزیشن پاناما پیپرز لیکس کے لڈو پر دوبلیوں کی طرح لڑرہی ہیں جو لڈو کو اپنی سیاست چمکانے کے لئے استعمال کرکے اگلے 2018کے انتخابات کی تیاریاں کررہی ہیں۔

مگر کہیں ایسانہ ہوجائے کہ اِن کی لڈو کی لڑائی میںاِن کے ہاتھ سے لڈوبھی جائے اور 2018کے انتخابات کا منصوبہ محض ایک حسین خواب کی شکل اختیارکرجائے اورموقعے اورتاک میں بیٹھا کوئی اور لڈواور اگلاالیکشن ہڑپ کرجائے یوں دونوںکے ہاتھ ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر کفِ افسوس کے سرِپیٹنے اور ایک دوسرے پہ الزامات لگانے کے کچھ نہ آئے اورپچھتاوا اِن سب کا مقدربن جائے۔

Azam Azeem Azam

Azam Azeem Azam

تحریر : محمد اعظم عظیم اعظم
azamazimazam@gmail.com