کوئٹہ (جیوڈیسک) ڈیڑھ ارب روپے کی کرپشن کے الزام میں سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق حسین رئیسانی کو 14 روزہ ریمانڈر پر نیب کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس نے مشتاق حسین رئیسانی کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر نیب کی جانب سے راشد بیگ گولڑہ اور ضمیر کلگری عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ سابق سیکرٹری خزانہ پر ڈیڑھ ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے اور ان کے گھر سے کروڑوں روپے کی ملکی و غیر ملکی کرنسی اور سونا برآمد ہو چکا ہے لہذا ملزم کا 14 روزہ ریمانڈ دیا جائے تاکہ مزید تحقیقات کی جا سکے۔
عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق حسین رئیسائی کو 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ عدالت نے نیب کو سابق سیکرٹری خزانہ کا میڈیکل چیک اپ کرانے کا بھی حکم دے دیا۔ ملزم کی جانب سے کوئی بھی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب نے ڈیڑھ ارب روپے کی کرپشن کے الزام میں مشتاق حسین رئیسائی کے گھر پر چھاپہ مار کر 75 کروڑ روپے کی ملکی و غیر ملکی کرنسی اور 4 کروڑ روپے کا سونا برآمد کیا تھا۔