کراچی (جیوڈیسک) پولیس نے منگھوپیر میں کارروائی کرتے ہوئے اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان کے قتل کے میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔
کراچی کے علاقے منگھوپیر میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم رحیم سواتی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 1 نائن ایم ایم پستول، دستی بم اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا تھا کہ ملزم رحیم سواتی نے 2013 میں اپنے 5 ساتھیوں کے ساتھ مل کر پروین رحمان کو قتل کیا جب کہ واقعہ میں ملوث 2 ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے اور 2 ملزمان تاحال فرار ہیں، گرفتار ملزم کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ پولیس نے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے اتحاد ٹاؤن سے بھی 2 ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن کی شناخت دانش اور محمد علی عرف استاد سے ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کالعدم اور سیاسی جماعت کے علاوہ گینگ وار کے ساتھ مل کر قتل اور بھتہ خوری سمیت سنگین جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے 3 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد کے قتل کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔