لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعة الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ تعلیمی نصاب سے سیرت رسول نکال کر بچوں کو ہندووانہ تہذیب سے وابستہ کیا جا رہا ہے، نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان سے دور کرنے کیلئے نصاب میں تبدیلیاںکی گئیں۔
پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے‘ اسکی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ ہم سب پر فرض ہے، انگریز نے برصغیر میں فرقہ واریت کو پروان چڑھایااور مسلمانوں کو باہم دست و گریباں کرنے کی کوششیں کی گئیں، مسلمان بیرونی سازشوں کے توڑ کیلئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو جائیں۔ وہ جامع مسجد القادسیہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
حافظ محمد سعید نے کہا کہ صلیبیوں ویہودیوں کا شروع دن سے یہ ایجنڈا رہا ہے کہ مسلمانوں میں مذہب کی بنیاد پر لڑائی جھگڑے کرائے جائیں تاکہ فرقے مضبوط ہوں اور ان کی صلاحیتیں ایک دوسرے کیخلاف استعمال ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے انگریز کی دی ہوئی سوچ کے تحت چلائے جارہے ہیں۔
علماءمسلم امہ کی رہنمائی کریں اور سیرت رسول کے مطابق تربیت کریں تو اللہ تعالیٰ آسمانوں سے کامیابیوں کے دروازے کھول دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ساری تہذیبیں خودکشی کر رہی ہیں۔
مغرب زوال پذیر ہے اور باطل نظام دم توڑ رہے ہیں۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ مصلحت پسندی چھوڑ دیں، اغیار کی بجائے اللہ کو راضی کرنے کی کوشش کریں۔