اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ افغانستان میں مصالحت کےلئے چار ملکی کوششیں جلد کامیاب ہونگی اور خطے میں بہتری آئے گی۔
صدر نے یہ بات کینیڈا کی سبکدوش ہونے والی سفیر ہیتھر کروڈن سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے جمعہ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطہ میں امن اور استحکام کے لئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ ئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب نے کامیابی کے ساتھ نوے فیصد اہداف حاصل کر لئے ہیں اور بہت جلد مکمل کامیابی حاصل کر لی جائے گی جس سے خطے میں استحکام آئے گا۔
انہوں نے تعلیمی منصوبوں میں کینڈا کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کینڈا اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے کینیڈا جانے کے خواہش مند نوجوانوں کے لئے ویزا پالیسی میں نرمی پر غور کرے۔
صدر نے کہا کہ ملک میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے اور مقننہ عدلیہ اور انتظامیہ ہم آہنگی سے کام کر رہی ہیں۔ یہ بات صدر مملکت نے دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل اکبر خان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔