کراچی : وزیر اعلی سندھ اور صوبائی وزیر بلدیات کی خصوصی ہدایت پر بلدیہ کورنگی کے تحت شاہ فیصل زون کے مختلف چورنگیوں اور شاہراہوں پر شدید گرم موسم میںعوام کو فوری طبی امداد کے لئے ہیٹ اسٹروک کیمپس اور ٹھنڈے پانی کی سبیلیں قائم کردی گئیں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار سومرو نیڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی رفیق شیخ اور دیگر افسران کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے مختلف علاقوں میں قائم ہیٹ اسٹروک کیمپس کا تفصیلی دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پرایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کے باہمی تعاون کے ذریعے ہیٹ ویو سے عوامی زندگیوں کو محفوظ بنا نے کے لئے آگاہی مہم چلائی جائے عوام کو شدید گرم موسم میں بچائو کے حوالے سے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جائے تاکہ زندگیوں کو محفوظ بنا یا جا سکے۔
انہوں نے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ افسران کوہدایت کی کہ شدید گرم موسم میں عوام کو محفوظ بنا نے کے لئے تجارتی مراکز ،بازاروں اور بس اسٹاپوں پر ٹھنڈے پانی کا انتظام کیا جائے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار سومرو نے کہاہے کہ ہیٹ اسٹروک کے خطرے کے پیش نظر بلدیہ کورنگی نے ضلع کے تمام علاقوں میں کیمپس اور ٹھنڈے پانی کی سبیلیں قائم کردیئے ہیں انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ شدید گرم موسم میں احتیاطی تدابیر اپنائیں بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور گرم موسم میں ٹھنڈے مشروب کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔