جنوبی افریقی ’شرفا‘ کے بے نقاب ہونے کا سلسلہ جاری

South Africa Team

South Africa Team

جوہانسبرگ (جیوڈیسک) فکسنگ میں ملوث جنوبی افریقی کرکٹ ’شرفا‘ کے بے نقاب ہونے کا سلسلہ جاری ہے، تھامی ٹسولیکل کے بھی کرپشن میں ملوث ہونے کی تصدیق ہوگئی۔

بھارتی بکیز کے ساتھ ملاقات کی آڈیو تفتیش کاروں کے ہاتھ لگ گئی، ایک کھلاڑی نے بلیک میلنگ کے لیے موصول ہونے والی ریکارڈنگ اینٹی کرپشن حکام کو تھمادی تھی، تھامی تحقیقات شروع ہونے کے بعد سے منظر عام سے غائب ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق غلام بودی میچ فکسنگ کیس کی تحقیقات کرنے والے آفیشلز کے ہاتھ ایک ایسی آڈیو ریکارڈنگ لگی جس میں مقامی ٹیم ہائی ویلڈ لائنز کے سابق کپتان تھامی ٹسولیکل کی بھارتی بکیز کے ساتھ میٹنگ کی تفصیلات موجود ہیں، اس آڈیو میں تھامی فکسنگ سازش میں شریک دیگر پلیئرز کے بارے میں بات کررہے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ان میں سے ہی ایک کھلاڑی کو بکیز کی جانب سے بلیک میل کرنے کیلیے یہ آڈیو بھیجی گئی تھی مگر اس نے اسے جنوبی افریقی کرکٹ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو تھما دیا۔ اس ریکارڈنگ کی ایک نقل اب غلام بودی کے وکلا کو بھی مل چکی،وہ اسے سابق کرکٹر کو کرمنل کیس سے بچانے یا پھر سزا میں کمی کے لیے استعمال کریں گے۔ تفتیش کاروں کو یہ بھی یقین ہے کہ تھامی نے بکیز کے ساتھ ایک میٹنگ ریوونیا اسٹرپ کلب میں کی، فون ریکارڈز سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ستمبر میں وہاں ایک رات 4 بجے تک رہے تاہم یہ ریکارڈنگ اس کے بعد ہونے والی میٹنگ کی ہے۔

میچ فکسنگ تحقیقات شروع ہونے کے بعد سے تھامی منظر عام سے غائب ہیں، وہ اس سے قبل کسی بھی قسم کی فکسنگ میں ملوث ہونے سے انکار کرچکے ہیں۔ ان کے ساتھی کھلاڑی لونوابو ٹسوبے بھی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ کے بعد سے سامنے نہیں آرہے، انھوں نے اپنے ایک انٹرویو میں تسلیم کیا تھا کہ ان کے بارے میں فکسنگ تحقیقات ہورہی ہیں مگر انھوں نے اس قسم کی چیزوں میں ملوث ہونے کی تردید کردی تھی۔ یاد رہے کہ اس کیس میں غلام بودی پر پہلے ہی 20 برس کی پابندی عائد ہوچکی ہے۔