کراچی (جیوڈیسک) پولیس نے ’’را‘‘ كے ایجنٹ صدام حسین كو عدالت میں پیش کرکے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹ صدام حسین جتوئی كا جسمانی ریمانڈ حاصل كرنے کے لیے اسے جوڈیشل مجسٹریٹ غربی سلمان امجد صدیقی كے روبرو پیش كیا جہاں پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم كو 16 اپریل كو قانون نافذ كرنے والے ادارے نے کراچی سے گرفتار كیا اور اسے تحقیقات کے لیے نظربند كیا گیا تھا، اس دوران ملزم كو جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم كے روبرو پیش كیا جب کہ ملزم نے دوران تفتیش ’’را‘‘ كے ایجنٹ ہونے كا اعتراف كیا۔
پولیس نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزم نے خفیہ اداروں كے اہلكاروں سے دوستی كی اور كیماڑی، فشری، كارساز، فیصل بیس، كوسٹ گارڈ اور مہران بیس كی اہم تنصیبات كی تصاویر بنائیں اور انہیں بھارت كی خفیہ ایجنسی كو ارسال كیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم نے پاكستان كی سالمیت كو نقصان پہنچایا ہے۔ پولیس نے ملزم كے دیگر ساتھیوں كی گرفتاری کے لیے ملزم كا جسمانی ریمانڈ لینے كی استدعا كی جس پر فاضل عدالت نے ملزم کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے پولیس کی تحویل میں دیدیا۔