کراچی: سابق ٹائون ناظم گلبرگ فاروق نعمت اللہ نے کہا ہے کہ علم ہی کے ذریعے معاشرہ ترقی کرسکتا ہے۔ سیرت رسول ۖ کے ابواب ختم کر کے بچوں کو ہندووانہ تہذیب سے وابستہ کیاجارہا ہے۔ نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان سے دور کرنے کیلئے نصاب میں تبدیلیاںکی گئیں۔ پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے، اس کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ ہم سب پر فرض ہے۔یورپ تعلیم کے فقدان کو ختم کرنے کے لئے فحاشی وعریانی کے کلچر کو فروغ دے رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ ناظم آباد زون کی یوسی 23حلقہ عرفات ٹائون میں منعقد ٹیلنٹ ایوارڈ کی تقریب میں شریک بچوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ناظم علاقہ نعمان ندیم اور محمد سعد سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ فاروق نعمت اللہ نے کہا کہ بچے ہی روشن مستقبل کی پہچان ہے ان کی تربیت دینی طریقے سے کی جائے تو ہر بچہ وطن کے لئے ایک نمونہ بن کر ابھرے گا۔
دنیا میں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو اپنے بچوں کو اپنی زبان اور اپنی تہذیب کے خدوخال کے مطابق تعلیم دیتیں ہیں۔ دور حاضر میں ہمارے تعلیمی اداروں میں فنون کی تعلیم تو دی جاتی ہے مگر اخلاقیات اورا لہامی تعلیم کا رشتہ ختم کر دیا گیا ہے۔ معاشرے کے نظام کو اسلامی تعلیم سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیام پاکستان کے مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے ایک زبان اورایک نظام کے تعلیم کو رائج کرنے کی جدوجہد کرنی ہوگی۔ تعلیمی ادارے انگریز کی دی ہوئی سوچ کے تحت چلائے جا رہے ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر اسکولوں میں اچھی پوزیشن لانے والے طلبہ و طالبات کو سرٹیفیکٹ اور شیلڈ بھی تقسیم کی گئیں اس کے علاوہ بچوں کی دلچسپی بڑھانے کے لئے میجک شو کا انعقاد بھی کیا گیا تھا
سید انوار احمد سیکریٹر ی اطلاعات جماعت اسلامی، وسطی 0345-2385320