باغ (جیوڈیسک) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج بھارت میں وہ انسان برسراقتدار ہے جس کے ہاتھوں پر گجرات کے مسلمانوں کا خون ہے۔ ہم انشا اللہ کشمیر کو ضرور آزادی دلائیں گے، خدا کے فضل و کرم سے کشمیر کے یہ الیکشن عام نہیں تاریخی الیکشن ثابت ہوں گے۔
باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی کے منتخب ہونے پر بھارتی تجزیہ کار بھی پریشان تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو بہت سے ملک دہشتگرد سمجھتے ہیں ، ہماری جماعت نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق کی بات کی ، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے تحریک آزادی کشمیر کو مذاق بنا دیا ہے ، نواز شریف نے اپنی سالگرہ کا کیک مودی کے ہاتھوں کٹوا لیا ، انہیں یہ کیوں یاد نہیں کہ مودی کے دور میں مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اپنے عروج پر تھا۔
وزیر اعظم را کے ایجنٹوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں ، بلوچستان میں را کے ایجنٹ گرفتار ہوتے ہیں تو نواز شریف کوئی ایکشن نہیں لیتے ، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے خارجہ پالیسی کا حلیہ ہی بگاڑ دیا ، یہ ریاست کے ریاست سے تعلقات نہیں ، انڈیا ہمارا دشمن ، افغانستان اور ایران بھی ہمارے خلاف ہیں ، کشمیری بھائیو یہ الیکشن آپ کی عزت اور کشمیر کے مستقبل کا سوال ہے ۔ اگر یہاں کے عوام نے الیکشن میں میرا ساتھ دیا تو میرا وعدہ ہے کہ میں اس ملک کو عالمی برادی میں اس کا اصل مقام دلائوں گا۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ ہندوستان میں مسلمان اقلیت میں تھے ، انہوں نے مل کر پاکستان بنایا ، اس لئے کہ یہاں پر کسی کو عقیدے کی بنیاد پر تنگ نہ کیا جائے ، ہمارا دین بھی اقلیتوں کے تحفظ کا درس دیتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کسان اپنی محنت سے فصلیں اگاتا ہے اور نواز شریف وہی فصلیں انڈیا سے درآمد کرلیتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم نے اہنے دور حکومت میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا جس کا درس ہمارے مذہب نے دیا ہے۔
آج نواز حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے اور ہچکولے کھا رہی ہے ، اگر عوام کی حمایت حاصل رہی تو میں عوام کو ان حکمرانوں سے نجات دلائوں گا اور سرکس کے شیروں کا کھیل ختم کروں گا میں اس کا بیٹا ہوں جس کے بارے میں کہا جاتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے نعرہ لگایا۔