سکھر (جیوڈیسک) انیس قائم خانی، ڈاکٹر صغیر احمد اور انیس ایڈووکیٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ متحدہ کے جو لاپتہ کارکنان گھروں کو واپس پہنچ رہے ہیں یا عدالتوں میں پیش کئے جا رہے ہیں، یہ ہماری کوششوں کا ہی نتیجہ ہے کیونکہ متحدہ ایسے کارکنان سے لاتعلقی کا اظہار کرتی ہے جو ماضی میں الطاف حسین کے اشارے پر قتل و غارت گری میں ملوث رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کے ہم میدان میں نکلے ہیں اور ایم کیو ایم کی دوڑیں لگواتے رہیں گے، جن کارکنان نے الطاف حسین کے اشارے پر غلط کام کئے، ان کارکنوں کو متحدہ کو تسلیم کرنا پڑے گا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ را سے فنڈنگ کے معاملے میں اگر کسی عدالت نے ہمیں بلایا تو ہم وہاں پیش ہوں گے اور بتائیں گے کہ متحدہ نے خصوصاً سندھ میں بدامنی اور انتشار پھلانے کے لئے کس طرح سے فنڈنگ لی ہے۔ انہوں نے سکھر، خیر پور، رانی پور اور گمبٹ سمیت دیگر شہروں کے لوگوں کا پذیرائی پر شکریہ ادا کیا۔
سید مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی سکھر کے طویل دورے کے بعد کراچی پہنچے جہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ را ایم کیو ایم کے قائد کو بائیس سال سے شہر کو تباہ کرنے کے لئے فنڈنگ کر رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام نفرتیں نہیں محبتیں چاہتے ہیں، ایم کیو ایم کے قائد کراچی کی دو نسلیں کھا چکے ہیں، انہوں نے را سے پیسے لیکر شہر میں قتل و غارتگری کرائی اور اسے تباہ کیا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ وطن پرستی کا پیغام پورے ملک میں تیزی سے پھیل رہا ہے، پاک سرزمین پارٹی کا سکھر، رانی پور اور لاہور کا دورہ کامیاب رہا اور عوام سے پزیرائی ملی۔ انکا کہنا تھا کہ آئندہ 7 سے 10 روز میں کراچی میں پارٹی کے مرکزی دفتر کا افتتاح کریں گے۔ مصطفیٰ کمال نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو انکے صاحبزادے کی بازیابی پر مبارکباد بھی پیش کی۔