ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے نئے ہیڈ کوچ کیلئے ڈینیئل وٹوری کے نام کی حمایت کر دی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ نے سابق کھلاڑی راہول ڈریوڈ سے رابطہ کیا تھا۔
تاہم ان کا اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کوئی بھی فیصلہ کرنے کا انحصار اس بات پر ہے کہ وہ یہ ذمہ داریاں نبھا سکیں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کو جون 2016ء سے مارچ 2017ء کے درمیان 18 ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں اس لئے ہیڈ کوچ کی تقرری کسی بھی وقت کی جا سکتی ہے۔
اس سے قبل بھی ماضی میں بھارتی ٹیم کے کوچ کی تقرری کپتان کی تجویز پر کی جاتی رہی ہے۔ گریگ چیپل اور گیری کرسٹن اس کی مثالیں ہیں۔ ڈینیئل ویٹوری نے گزشتہ سال ورلڈ کپ فائنل میں نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔
ڈینیئل ویٹوری اس وقت انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور اور بگ بیش کی فرنچائز برسبین ہیٹ کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔