مصطفی آباد/للیانی (محمد عمران سلفی سے) گورنمنٹ ہائی سکول کھارا کی زمین پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف اے سی قصور کی کاروائی، قبضہ مافیا کے خلاف مقدمہ درج کرکے تین روز میں جگہ واگزار کروانے کا حکم، قبضہ مافیا کے خلاف کاروائی اور پشت پناہی کرنے والوں کے نام میڈیا کو دیں گے، شاہ رخ نیازی کی صحافیوں سے گفتگو، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مصطفی آباد کے نواحی گائوں کھارا میں گورنمنٹ ہائی سکول کی گرائونڈ پر با اثر افراد کے قبضہ کی خبر شائع ہوئی تھی جس پر اسٹنٹ کمشنر قصور شاہ رخ نیازی نے فوری طور پر تحصیلدار سے رپورٹ طلب کر لی۔
تحصیلدار کی طرف سے تصدیق کی گئی کہ چند افراد نے محکمہ ایجوکیشن کی اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے،تحصیلدار کی تصدیق پر انہوں نے قبضہ مافیا کے خلاف 1912ایکٹ کی دفعہ 32-34کے تحت مقدمہ درج کرکے تین روز میں قبضہ واگزار کروانے کا حکم جاری کر دیا۔
اس موقع پر اسٹنٹ کمشنر قصور شاہ رخ نیازی نے کہا کہ سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کریں گے اور قبضہ مافیا کی پشت پناہی کرنے والے کے نام بھی میڈیا کو دیں گے تاکہ آئندہ کوئی با اثر شخص سرکاری اراضی پر قبضہ کروانے کی کوشش نہ کرے، یہ محکمے کا کام ہے جسے میڈیا کے نمائندے انجام دے رہے ہیں، میں پریس کلب مصطفی آباد للیانی(رجسٹرڈ) کی پوری ٹیم کا مشکور ہوں جنہوں نے سرکاری اراضی پر قبضہ کی نشاندہی کی، صحافی حضرات آئندہ بھی نشاندہی کریں تصدیق کے بعد فوری کاروائی کروں گا۔