راولپنڈی (یاسر رفیق) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کا کنونشن 13 اگست کو ہو گا۔ ضلعی و ڈویژنل تنظیمیں اور علاقائی یونٹس زون کی مشاورت سے تعزیتی ریفرنسز کا انعقاد کریں۔ قائدِ تحریک کے چہلم کے موقع پر بھی زون بھر میں تقریبات منعقد کی جائینگی۔ قائدِ تحریک امان اللہ خان کی سات عشروں پر پھیلی ہوئی جدوجہد اور قومی خدمات پر زبردست خراجِ عقیدت۔ قائد کے راستے پر چلتے ہوئے مشن کی تکمیل کرینگے۔ لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون اور ممبران سپریم کونسل کے مشترکہ اجلاس سے سینئر وائس چئیرمین عبدالحمید بٹ، زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی ، جلیل فریداور دیگر راہنمائوں کا خطاب۔
تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون اور ممبران سپریم کونسل کا مشترکہ اجلاس سنٹرل انفارمیشن راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت لبریشن فرنٹ کے سینئر وائس چئیرمین عبدالحمید بٹ نے کی۔اجلاس میں قائدِ تحریک امان اللہ خان کی وفات کے بعد تنظیمی و تحریکی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا اور متعدد امور پر اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے سینئر وائس چئیرمین عبدالحمید بٹ، چیف آرگنائزر راجہ حق نواز خان،زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی،ایس ایل ایف کے چئیرمین انجینئر جلیل فرید، شعبہ خواتین کی کنوینر طاہرہ توقیر اور دیگر راہنمائوں نے کہا کہ قائدِ تحریک امان اللہ خان کی زندگی لبریشن فرنٹ اور ایس ایل ایف کے ہر کارکن کیلئے مشعلِ راہ ہے اور قائدِ تحریک کے زندگی بھرکے طرزِ عمل اور جدوجہد سے راہنمائی لیتے ہوئے انکے مشن کی تکمیل کیلئے آگے بڑھا جائیگا۔لبریشن فرنٹ کے راہنمائوں نے کہا کہ غم سے نڈھال لبریشن فرنٹ کے ہر کارکن کا اب فرض ہے کہ وہ اس غم کو طاقت میں تبدیل کرتے ہوئے قائد کے مشن کو تیزی سے آگے بڑھائے اور مادرِ وطن کی مکمل آزادی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کا کنونشن 13اگست کو ہوگااور جن اضلاع اور ڈویژنز میں تنظیم سازی مکمل نہیں ہوئی وہاں جلد از جلد تنظیم سازی مکمل کی جائیگی۔
اجلاس میں تمام ضلعی و علاقائی تنظیموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ زون کی مشاورت سے تعزیتی ریفرنسز کا انعقاد کریں اور قائدِ تحریک کے چہلم کے موقع پر بھی زون بھر میں تقریبات منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں لبریشن فرنٹ کے وائس چئیرمینز خواجہ سیف الدین، سلیم ہارون، کمانڈر فاروق، حافظ انور سماوی، مرکزی ترجمان رفیق ڈار، ممبران سپریم کونسل سردار رحمٰن، منظور احمد خان، ڈپٹی سیکریٹری جنرل،ساجد صدیقی، زونل سیکریٹری جنرل سلیم بٹ، زونل آرگنائزرتوصیف جرال ایڈوکیٹ، نائب صدور اشفاق باغی، عابد ایوب ایڈوکیٹ، خورشید مرزا، زونل سیکریٹری فنانس ملک لیاقت،سابق زونل صدر سردار آفتاب ایڈوکیٹ، قاری سمیع الدین، رفاقت ہاشمی، یوسف چودھری، شکیل چودھری ایڈوکیٹ،سردار نواز خان،راجہ سہراب خان اور دیگر راہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس کے شروع میں قائدِ تحریک امان اللہ خان کیلئے خصوصی دعائے مغفرت بھی کی گئی۔