لندن (جیوڈیسک) انگلش بیٹسمینوں جونی بیئراسٹو اور جوئے روٹ نے یارکشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے سرے کیخلاف372 کی شراکت بناکر 100 برس پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
لیڈز میں جاری میچ میں ان کی ٹیم ایک مرحلے پر 45 پر 3 وکٹیں گنواکر مشکلات میں گھری ہوئی تھی، پھر بیئراسٹو اور روٹ نے ریکارڈ پارٹنر شپ سے پوزیشن انتہائی مستحکم کردی۔ جونی بیئراسٹو 198 جب کہ روٹ 213 رنز بناکر میدان بدر ہوئے، یہ سرے کیخلاف یارکشائر کی سب سے بڑی شراکت کا نیا ریکارڈ بنا۔
اس سے قبل 1899 میں سرے کیخلاف یارکشائر کے جورج ہرسٹ اور ٹیڈ وین رائٹ نے اوول پر 340 رنز بنا کر ریکارڈ بنایا تھا۔ بیئراسٹو اور روٹ نے اسی کے ساتھ 10 سال قبل ڈیرن لی مین اور ایلن لمب کی جانب سے اس گراؤنڈ پر بہترین شراکت کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا، آسٹریلین جوڑی نے یہاں 358 رنزجوڑے تھے۔