پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 8 میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 8 پشاور میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ حلقے میں رجسٹرڈ ایک لاکھ 36 ہزار 500 ووٹرز کے لئے 98 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جس میں سے 47 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
پی کے 8 کے ضمنی انتخاب کے دوران 4 ہزار پولیس اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں جب کہ الیکشن کمیشن کے مطابق آر اوز اور ڈی آر اوز کی درخواستوں پر حلقے کے 24 پولنگ اسٹیشنز میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فوجی جوان پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات رہیں گے۔
پی کے 8 کے ضمنی الیکشن کے لئے مجموعی طور پر 15 امیدوار میدان میں ہیں تاہم (ن) لیگ، تحریک انصاف اور جے یو آئی (ف) کے امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ پی کے 8 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے ارباب اکبر حیات کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔