ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی) سی پی او راولپنڈی کی ٹیکسلا میں کھلی کچہری سوموار کے دن لگے گی، ایس پی پوٹھوار، ڈی ایس پی ٹیکسلا سرکل، ایس ایچ او صاحبان کھلی کچہری میں موجود ہونگے، پولیس کے خلاف عوامی شکایات پر فوری احکامات جاری کئے جائیں گے۔
کھلی کچہری کی پہلی مرتبہ بھرپور منادی کرائی گئی ہے،تاکہ پولیس کی زیادتیوں کے شکار عوام کھلی کچہری میں اپنے جذبات کا برملا اظہار کریں، تمام چوکی انچارجوں کو بھی طلب کیا جائے گا،تفصیلات کے مطابق سی پی او راولپنڈی اسرار عباسی سوموار کے روز شام پانچ بجے ٹیکسلا کمیونٹی ہال میں کھلی کچہری لگائیں گے،کھلی کچہری میں ایس پی پوٹھوار عتیق ، ڈی ایس پی ٹیکسلا سرکل ساجد محمود گوندل، کے علاوہ ٹیکسلا سرکل کے تینوں تھانوں کے ایس ایچ او ز، تمام چوکیوں کے انچارجز موجود ہونگے۔
ڈی ایس پی ٹیکسلا سرکل ساجد گوندل کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کو پولیس سے کسی قسم کی بھی شکایات ہیں وہ اپنی شکایات کھلی کچہری میں بیان کریں تاکہ انکی مکمل طور پر دادرسی ہوسکے ،یاد رہے کہ قبل ازیں اعلیٰ پولیس افسران کی جانب سے منعقدہ کھلی کچہری کی اعلیٰ افسران کی ہدایات کے مطابق منادی نہیں کی جاتی تھی ، تاکہ لوگ پولیس کی زیادتیوں کا تذکرہ کھلے عام نہ کرسکیں اور کھلی کچہری کے انعقاد پر حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے مقامی زعماء کو مدعو کیا جاتا تھا جبکہ اکثریت انہی لوگوں پر مشتمل ہوتی تھی جو حکمران جماعت کی خیر خواہ ہوں،جسکی بنا پر کھلی کچہری کا مقصد تو فوت ہوجاتا تھا اور نہ ہی پولیس کی زیادتی کے شکار لوگ اپنی فریاد اعلیٰ حکام تک پہنچا سکتے تھے، جس سے بلاشبہ کھلی کچہری ایک ٹوپی ڈرامہ نظر آتی تھی ، مگر اس مرتبہ اس ڈگر کو تبدیل کر کے لوگوں کو کھلی کچہری میں مدعو کیا گیا ہے اور اس کھلی کچہری کی منادی کا کہا گیا ہے تاکہ پولیس کے ظلم و ستم کا نشانہ بننے والے سر عام کھلی کچہری میں پولیس پر جوابی حملہ کرسکیں۔