حفیظ نے دورہ انگلینڈ سے راہ فرار اختیارکرنے کا تاثر مسترد کردیا

Hafeez

Hafeez

لاہور (جیوڈیسک) محمد حفیظ نے دورئہ انگلینڈ سے راہ فرار اختیار کرنے کا تاثر مسترد کردیا۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ یہ بات درست نہیں کہ انجری کا بہانہ بناکر مشکل ٹور سے بھاگ رہا ہوں۔ کسی کو فٹنس معاملات پر شکوک ہیں تو پی سی بی سے تصدیق کرلے، انجری سے جلد نجات حاصل کرنے کیلیے بورڈ کے ڈاکٹرز کی نگرانی میں محنت کررہا ہوں، میری دعا ہے کہ جلد ٹھیک ہوجاؤں تاکہ انگلینڈ کے خلاف سیریزکا حصہ بن سکوں، ٹور ٹیم اور میرے لیے بہت اہم ہے،کوشش کریں گے کہ یہاں سے کامیابیوں کا سفر دوبارہ شروع کرسکیں۔

انجری کے بہانے کی باتیں کرنے والے لوگ منفی سوچ کے مالک ہیں۔انھوں نے کہاکہ مکی آرتھر کو پاکستان کوچنگ کا حصہ بننے پرخوش آمدید کہتا ہوں، ٹیسٹ ٹیم تو اچھی لیکن ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 ٹیموں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں، نئے ہیڈ کوچ اور سیٹ اپ کے ساتھ خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے، امید ہے کہ گرین شرٹس کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔