ڈھاکہ (جیوڈیسک) بنگلہ دیش میں حسینہ واجد حکومت نے سیاسی مخالفین پر عرصہ حیات تنگ کر دیا۔ مطیع الرحمن نظامی سمیت اسلام پسند رہنمائوں کو پھانسی چڑھانے کے بعد اسرائیل سے مل کر حکومت کے خلاف سازشیں کرنے کا الزام لگا کر بیگم خالدہ ضیا کی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے جوائنٹ سیکرٹری جنرل اسلم چودھری کو حکام نے گذشتہ روز گرفتار کر لیا۔
ڈھاکہ پولیس کمشنر عبدالباطن نے بتایا کہ اسلم چودھری نے بھارت جا کر اسرائیل کے ایک سیاستدان سے ملاقات کی جس میں بنگلہ دیشی حکومت گرانے کی سازش تیار کی گئی ڈھاکہ پولیس کے ترجمان معروف حسین نے بتایا کہ اسلم چودھری کے خلاف مجرمانہ سرگرمیوں کا کیس تیار کیا جا رہا ہے۔
ڈھاکہ میں سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلم چودھری چٹاگانگ کے ایک ممتاز بزنس مین اور ملک کے معروف سیاستدان ہونے کے علاوہ بیگم خالدہ ضیاء کے با اعتماد ساتھی ہیں۔
حسینہ واجد حکومت نے خالدہ ضیاء پر بھی کئی مقدمات قائم کر رکھے ہیں جبکہ چودھری اسلم کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے بزنس کے سلسلے میں گذشتہ دنوں مارچ میں بھارت کا دورہ کیا تھا جہاں کولکتہ میں ان کی ملاقات اسرائیلی حکومت کے ایک مشیر سے ہوئی تھی۔
یہ ملاقات 3 ماہ حسینہ واجد حکومت کے پیٹ میں مروڑ اٹھاتی رہی آخر گذشتہ روز یہ تکلیف اقدام بن کر سانے آ گئی۔ واضح رہے کہ اسرائیل کے ساتھ پاکستان کی طرح بنگلہ دیش کے بھی سفارتی تعلقات نہیں۔