کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ رحمتوں کے مہینے کی آمد آمد ہے اب تک حکومت کی جانب سے عوام کیلئے کوئی ریلیف کا اعلان نہیں کیا گیا اور نہ ہی ذخیرہ اندوزی کو روکنے کیلئے کوئی اقدامات کیے گئے ہیں، یوٹیلیٹی اسٹورز کا عوام کیلئے سبسڈی کااعلان اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے، ماضی میں راشن کے حصول کی قطاروں میں بھگدڑ سے معصوم جانوں کا ضیاع بھی ہوا حکمران عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے پر توجہ دیں جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے رمضان سے قبل ہی اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ، ماہ مبارک میں گراں فروشی کے رجحان میں اضافے کیلئے ذخیرہ اندوزوں نے صف بندی کرلی ہے، حکومت ناجائز منافع خوری کی روک تھا م کیلئے عملی اقدامات کرے ، انہوںنے کہاکہ ہرسال رمضان المبارک سے قبل ہی اشیاء خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں ، پاکستانی عوام وہ بدنصیب قوم ہے جس کو ہر سال اس قسم کی مذموم صورتحال کا سامنا کرنا پڑتاہے ، ایک طرف شہرقائدمیں لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی سے عوام پریشان اور بے حال ہے تو دوسری جانب رمضان آتے ہی منافع خور اور ذخیرہ اندوزوں کی چاندی ہوجاتی ہے ، اسی طرح رمضان المبارک کے بابرکت ماہ سے قبل جامع منصوبہ بندی کرتے ہوئے عوام کو ہر طرح سے ریلیف پہنچائی جائے اور ذخیرہ اندوزون کے خلاف آپریشن کیاجائے تاکہ ناجائز منافع خوروں کے گرد گھیرا تنگ کیاجاسکے اور ان افراد کے خلاف موثر کاروائی کی جائے۔
قیمتیں بڑھانے والے عناصر کو نہ صرف گرفتار کرے بلکہ ان کی ضمانتیں عید الفطر تک موخر کردیں اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں۔عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومتی ایوانوں میں موجود نام نہاد لیڈروں کو نہ چاہتے ہوئے بھی کمی کرنی پڑی مگر اس کے فوائد سے تاحال عوام کو محروم رکھا گیاہے ، انہو ںنے کہاکہ حکومت اب تک عوام کو صرف اخباری بیانات تک ریلیف دے رہی ہے ، زبانی جمع خرچ کے ذریعے عوام کو درپیش مسائل سے چھٹکارا نہیں دلایا جاسکتاہے ، انہوں نے مزید کہاکہ حکمران خود ملک کو لوٹ رہے ہیں جبکہ منافع خور عوام کو،انھوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے کنٹرول کیلئے سخت قوانین بناتے ہوئے ان پر عمل کو یقینی بنائے ، بصورت دیگرلیڈر وں کی دیکھا دیکھی پرائس کنٹرول مجسٹریٹ بھی اشیا کی کنٹرول لسٹ پر عمل درآمد نہیں کراسکیں گے اور حکومت کے تمام تر انتظامات دھرے کے دھرے رہ جائیںگے،مفتی محمد نعیم نے کہاکہ حکومت پرائس کنٹرول ٹیموں کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے عوام کو ریلیف دے ورنہ رمضان المبارک سے قبل ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے رجحان میں تشویشناک حدتک اضافہ ہوچکاہے،جس کے بعد ان عناصر کے خلاف کارروائی بے سود ہو گی۔